حکمرانوں کو راہداری کے حوالے سے گوادر کے لوگوں کے تحفظات دور کرنے چاہئیں،اصغر خان اچکزئی

اگر حکمرانوں کو ریاست کے مستقبل کی فکر ہو تو انہیں تمام صوبوں ،اقوام کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا ،سربراہ اے این پی بلوچستان

بدھ 1 جون 2016 22:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام سی پیک کے روٹ میں تبدیلی،لوڈشیڈنگ اورکرپشن کیخلاف کوئٹہ میں ریلی نکالی گئی جبکہ احتجاجی جلسہ بھی منعقد کیا گیا ،عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام ریلی کا اغاز ٹیکسی اسٹینڈ سے ہواجس کی قیادت اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کی ،ریلی میں اے این پی کے رہنماوں اورکارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی باچاخان چوک پر پہنچی جہاں احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا ، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر اچکزئی اور دیگر مقررین نے کہا کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہ داری کے روٹ میں تبدیلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، ہم راہ داری منصوبے کے مخالف نہیں ہیں لیکن پہلے راہ داری کے مغربی روٹ کی تعمیر ہونی چاہیے ،صوبائی سربراہ اے این پی نے کہاکہ حکمرانوں کو راہ داری کے حوالے سے گوادر کے لوگوں کے تحفظات دور کرنے چاہیے ،اصغر اچکزئی نے کہا کہ میٹروبس ،اورنج لائن ٹرین سمیت تمام منصوبے لاہور اور پنجاب میں بن رہے ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں کچھ نہیں بن رہا ہے ،اصغر اچکزئی نے کہا کہ اگر حکمرانوں کو ریاست کے مستقبل کی فکر ہو تو انہیں تمام صوبوں اور اقوام کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا۔