وزیر اعلیٰ سندھ کی کوآرڈینیٹر برائے انسانی حقوق نادیہ گبول کا ایدھی سینٹر میٹھا در کا دورہ

ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اور گزشتہ دنوں گمشدہ ہوکر ایدھی سینٹر پہنچنے والے ڈھائی سالہ بچے عبداﷲ سے ملاقات کی

بدھ 1 جون 2016 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی کوآرڈینیٹر برائے انسانی حقوق نادیہ گبول نے ایدھی سینٹر میٹھا در کا دورہ کیا اور ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اور گزشتہ دنوں گمشدہ ہوکر ایدھی سینٹر پہنچنے والے ڈھائی سالہ بچے عبداﷲ سے ملاقات کی نادیہ گبول نے اس موقع پر عبدالستار ایدھی سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحتیابی کے لئے دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اس موقع پر نادیہ گبول نے گزشتہ دنوں اپنے والدین سے بچھڑ کر ایدھی سینٹر پہنچنے والے ڈھائی سالہ بچے عبداﷲ سے ملاقات کی اور اس کو پیار کیا اوراس بچے کے ساتھ وقت گزارا اس موقع پر نادیہ گبول نے دیگر بچوں میں بھی تحائف تقسیم کئے اور ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے انتظامیہ سے بریفنگ لی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نادیہ گبول نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق ،پولیس اور سندھ حکومت کے دیگر اداروں کے ساتھ ملکر عبداﷲ کے گھر والوں تلاش کررہا ہے جبکہ دہلی کالونی کے علاقے سے ملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت جاری ہے انہوں نے مزید کہا کہ عبداﷲ کواپنانے کے لئے بہت سے معتبر گھرانوں نے رابطے کئے ہیں تاہم والدین کے ملنے تک عبداﷲ ایدھی سینٹر میں ہی رہے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایدھی سینٹر کی نادار بچوں کے حوالے سے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور اپنے محکمہ کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دھانی بھی کرائی ۔