وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت سی پی او میں اعلی سطحی اجلاس

ہائی ویز ایمرجینسی پولیس فورس کا قیام عمل میں لایا جائے ،سہیل انور خان سیال

بدھ 1 جون 2016 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء) سینٹرل پولیس آفس کراچی میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں امن وامان کی صورتحال اور رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں قیام امن کے حوالے سے پولیس اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور مذید ضروری احکامات دیئے گئے ۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناُاﷲ عباسی ،سمیت تمام ڈی آئی جیز و دیگر سینئر پولیس افسران بھی اجلاس میں شریک تھے ۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ تمام ڈی آئی جیز و ضلعی ایس ایس پیز متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز ، علاقے کی سیاسی ، مذہبی اور سماجی شخصیات و قائدین سے باقاعدہ شیڈول اجلاس کرکے رمضان المبارک کا خصوصی کنٹی جینسی پلان ترتیب دیں اور باالخصوص اس ماہ کے دوران تاجر برادری کو درپیش ممکنہ ایشوز کے حل میں خاطر خواہ اقدامات کو یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی جی سندھ سے کہا کہ اکثر ماہ رمضان کے دوران ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ مشاہدے میں آیا ہے لہذٰا اس ضمن میں صوبائی سطح پر انسدادی اقدامات کے حوالے سے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور مربوط بنایا جائے ۔

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو اس ضمن میں ہدایات دیں کہ ماہ رمضان سے ایک ہفتہ قبل ہی تمام ایس ایچ اوز کی نگرانی میں دو گھنٹہ اسنیپ چیکنگ کے آغاز کے اقدامات ضلعی ایس ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کی مانیٹرنگ کے تحت کیئے جائیں ۔انہوں نے آئی جی سندھ سے کہا کہ موٹر وے پولیس اور لوکل پولیس کے باہمی روابط کے اقدامات کیئے جائیں اور باالخصوص ماہ رمضان میں ہائی ویز پر حادثات وغیرہ کو ریسکیو کرنے اور رابریز کے موُثر طور پر انسداد کے حوالے سے ایس آر پی کے افسران اور جوانوں پر مشتمل ہائی ویز ایمرجینسی پولیس فورس کا قیام عمل میں لایا جائے ۔

انہوں نے مذید کہا کہ رمضان المبارک میں تریفک کی روانی کے لیئے صوبائی سطح پرخصوصی اقدامات کیئے جائیں۔آئی جی سندھ نے اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک کا خصوصی پلان تیار کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے حیدرآباد کے لیئے ایس پی ٹریفک کی تقرری کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا جو ضلعی ایس ایس پی حیدرآباد کی سپرویژن میں حیدرآباد کے لیئے رمضان المبارک کے دوران ٹریفک کی روانی کے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ ضلعی پولیس ، اسپیشل برانچ پولیس قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں و انٹیلی جینس ایجینسیوں سے مربوط رابطوں پر مشتمل باالخصوص مساجد امام بارگاہوں ، نماز تراویح کے دیگر کھلے مقامات سمیت مارکیٹوں ، بچت بازاروں وغیرہ کے لیئے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کی حکمت عملی و لائحہ عمل ترتیب دیکر فوری طور پر نافذاعمل بنائیں ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں باالخصوص رمضان کے دوران ٹریفک دباوُ کو کم کرنیکے لیئے لیاری ایکسپریس وے کا ایک ٹریک خصوصی طور پر بحال کیا جارہا ہے جس پر باقاعدہ پولیس ڈپلائمنٹ کے اقدامات بھی کیئے جائیں گے ۔انہوں نے پولیس کو ہدایات دیں کہ ضلعوں کی سطح پر نمازوتراویح کی ویڈیو ریکارڈنگ کے خصوصی اقدامات کیئے جائیں اور اس حوالے سے تمام مرکزی مساجد ، امام بارگاہوں و دیگر کھلے مقامات کو فوکس کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام داخلی خارجی راستوں پر سرچنگ اور کڑی نگرانی کے اقدامات کیئے جائیں اور پیٹرولنگ پر مامور تمام پولیس موبائلز میں فرسٹ ایڈ باکس اور آگ بجھانے کے آلے کی موجودگی کو ممکن بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بھتہ مافیا ، زبردستی فطرہ زکوٰۃ وصول کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائیوں کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مذید کہا کہ افطار سے قبل اور بعد از افطار پولیس افسران اور جوانوں کو ڈیوٹی پوائنٹس ہر گز خالی نہ چھوڑنے کا پابند بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :