قومی ٹیم کادورہ انگلینڈ، محمد عامرکوتاحال ویزانہ مل سکا

muhammad ali محمد علی بدھ 1 جون 2016 19:54

قومی ٹیم کادورہ انگلینڈ، محمد عامرکوتاحال ویزانہ مل سکا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار یکم جون ۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے لیے تمام کھلاڑیوں کو ویزا جاری کردیاگیاہے تاہم فاسٹ باﺅ لر محمد عامر کو تاحال ویزاجاری نہیں کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے لیے پیشگی ویزا کی درخواست برطانوی ہائی کمیشن میں جمع کروائی تھی جس کے بعد اب برطانوی ہائی کمیشن نے سکلز کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو ویزاجاری کردیا ہے تاہم اہم بات یہ ہے کہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو ویزا نہیں دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد عامر کے ویزاکےلئے پی سی بی کو اب بھی برطانوی ہائی کمیشن کے جواب کا انتظار ہے کیوں کہ ان کیلئے کرکٹ بورڈ نے الگ سے درخواست دائر کی تھی۔ یاد رہے کہ 2010ءکے سپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عامر کو انگلینڈ میں قید کی سزا ہوئی تھی جس کے بعد انھیں ملک بدرکردیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

برطانوی قوانین کے مطابق قید کی سزاوالے کسی بھی فرد کو برطانیہ کا ویزا فراہم نہیں کیا جاتا بلکہ اس سلسلے میں خصوصی اجازت درکار ہوتی ہے۔دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان 5 جون کو کیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد ٹیم جون کے وسط میں برطانیہ کے دورے پر روانہ ہوگی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 14جولائی سے شروع ہوگا۔