حکومت صوبائی محکمو ں اور اداروں کو فعال اور عوام دوست بنانے کیلئے نت نئے اقدامات اٹھار ہی ہے ، اکرام اللہ خان گنڈا پور

تمام مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، صوبہ کو زراعت کی ترقی میں مثال بنایا جائے گا،صوبائی وزیر

بدھ 1 جون 2016 19:25

سوات( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جون۔2016ء )صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت اکرام اللہ خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبائی محکمو ں اور اداروں کو زیادہ سے زیادہ فعال اور عوام دوست بنانے کیلئے نت نئے اقدامات اٹھار ہی ہے تاکہ یہ عوام کے مسائل اور مشکلات کو راحتوں میں تبدیل کرنے کی صلاحیتوں سے لیس ہوں اور عوام کی زندگی میں وہ تبدیلی لاسکیں جو پی ٹی آئی کے منشور کی بنیاد ہے۔

وہ بدھ کے روز ضلعی آفس زراعت سوات میں اپنے محکمے کے آفسران کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر چےئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان اور ایڈیشنل سیکرٹری زراعت شوکت علی خان بھی موجود تھے۔وزیر زراعت نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقی اور خوشحالی کے ثمرات گاوں گاوں اور گھر گھر پہنچانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

جس کی عمدہ مثالیں گندم کے بیج کی مفت تقسیم اور سونامی بلین ٹری مہم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تعریف وہ ہے جو کسی محکمہ کے بارے میں دوسرے لوگ کریں ۔وزیر زراعت نے سوات کے لوگوں کے حوصلوں اور بلند ہمتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب ،زلزلوں اور دیگر ازمائشوں میں سوات کے لوگوں نے بے شمار مصائب جھیلے لیکن انھوں نے کھبی بھی مایوسی کا مظاہر ہ نہ کیا بلکہ ان کے چہرے ہمیشہ روشن رہتے ہیں ۔زرعی زمینوں کی سیلاب میں تباہی کا ازالہ کرنے کے مطالبہ پر اکرام اللہ خان گنڈاپور نے یقین دلایا کہ یہ معاملہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے سامنے پیش کیا جائے گا اور توقع ظاہر کی کہ وہ زمینوں کی بحالی کیلئے مناسب فیصلے کر یں گے۔

اس موقع پر فضل حکیم خان نے سوات کے زرعی مسائل اور مشکلات تفصیل سے پیش کیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ زرعی مسائل صوبہ بھر میں موجود مزدور کسان کونسلرز کی وساطت سے انہیں پہنچتے دیتے ہیں جن کی روشنی میں ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے جاتے ہیں ۔اجلاس میں موجودہ افسران نے بھی اہم مسائل صوبائی وزیر کے سامنے پیش کئے۔صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ تمام مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے اور صوبہ کو زراعت کی ترقی میں مثال بنایا جائے گا۔