Live Updates

حکومتی کارکردگی کی طرح صدر کا خطاب بھی مایوس کُن تھا ،پانامہ اور ڈرون کا ذکر ہونا چاہیے تھا ‘عبدالعلیم خان

صدر کو اصل حقائق نظر نہیں آئے،81630احتجاجی مظاہرے حکمرانوں کا پول کھولنے کیلئے کافی ہیں‘مرکزرہنماء پی ٹی آئی

بدھ 1 جون 2016 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تین سالہ حکومتی کارکردگی کی طرح صدر ممنون حسین کا خطاب بھی مایوس کُن تھا جس میں سب اچھا کا راگ الاپنے کے علاوہ کچھ نہیں تھا حالانکہ قومی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے پانامہ لیکس کے پس منظر اور ڈراؤن حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بے چینی کا ذکر ہونا چاہیے تھا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ صدر کو اصل حقائق نظر ہی نہیں آئے اور اُن کو کسی نے نہیں بتایا کہ صرف ایک سال میں حکومت کے خلاف 81630احتجاجی مظاہرے ہوئے جو حکمرانوں کا پول کھولنے کیلئے کافی ہیں لیکن حکومت وقت کے ممنون صدر کو ہر طرف ہرا ہی ہرا نظر آیا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ سمیت اہم امور حل طلب ہیں ہر طبقہ سڑکوں پر نکلا ہوا ہے جبکہ حکمرانوں کی تمام تر توجہ اپنی کرپشن کو چھپانے اور اپوزیشن کو دبانے پر مرکوز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء سیاسی صورتحال کو کشیدہ بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے اور اُن کا مقصد پانامہ لیکس سے توجہ ہٹانا ہے ۔ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب کو عوامی توقعات کے برعکس اور انتہائی مایوس کُن تھا انہیں نواز لیگ کی حکومت کی کمزوریاں نظر نہیں آئیں اور نہ ہی قومی سطح پر درپیش سنگین مسائل کا احاطہ کیا گیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات