پی او ایف میں ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار سکیمیں جاری ہیں، ان میں ایک منفرد سکیم طلبا و طالبات کو ان کے تعلیمی کیئریئر میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر وظائف کی تقسیم ہے،اس کا بنیادی مقصد ان ہونہار طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی ہے پی او ایف ملازمین کے بچے اور بچیوں جنہوں نے تعلیمی سال2014-2015میں نمایاں پوزیشن حاصل کیں وظائف کی پی پی او ایف کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات کا تقریب تقسیم وظائف سے خطاب

بدھ 1 جون 2016 18:28

واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جون۔2016ء) پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف)کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) نے کہا ہے کہ پی او ایف ملک کا واحد ادارہ ہے جہاں ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بے شمار سکیمیں جاری ہیں جن میں ایک منفرد سکیم طلبا و طالبات کو ان کے تعلیمی کیئریئر میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر وظائف کی تقسیم ہے جس کا بنیادی مقصد ان ہونہار طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی ہے تاکہ مستقبل میں وہ مزید محنت سے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

وہ بدھ کو پی او ایف ملازمین کے بچے اور بچیوں جنہوں نے تعلیمی سال2014-2015میں نمایاں پوزیشن حاصل کیں وظائف کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی او ایف بورڈ نے کہا کہ طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کی مشترکہ اور اولین ذمہ داری ہے کیونکہ نئی نسل نے ہی آگے چل کر اس ملک کا نظم و نسق سنبھالنا ہے ہم جتنے اچھے طریقے سے ان کی رہنمائی اور تعلیم و تربیت پر توجہ دیں گے اس کے نتائج یقینا بہت مثبت اور اچھے ہوں گے۔

چیئرمین پی او ایف بورڈ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ بچوں کو تعلیم کی جانب زیادہ سے زیادہ راغب کریں تاکہ ملک و قوم کے لیے ایک تعلیم یافتہ نسل تیار کی جا سکے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن بریگیڈیئر ذکی رحمان میر نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پی او ایف انتظامیہ کی جانب سے 11مختلف سکیموں کے تحت نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے پی او ایف کے حاضر سروس ملازمین کے بچے ؍بچیاں، پی او ایف کے ملحقہ اداروں کے بچے ؍بچیاں، ریٹائرڈ پی او ایف ملازمین کے بچے؍ بچیاں، میڈیکل وانجینئرنگ میں تعلیم حاصل کرنے والے پی او ایف ملازمین کے بچے؍ بچیاں اور تین سالہ ڈپلومہ کی تعلیم حاصل کرنے والے 350طلبا و طالبات میں43لاکھ 17ہزار روپے مالیت کے وظائف تقسیم کیے گئے ہیں۔

چیئرمین پی او ایف بور ڈنے شعبہ ویلفیئر کے منتظمین کو تقریب کے عمدہ انعقاد پر مبارکباد دی۔ بعد میں چیئرمین طلبا و طالبات اور ان کے والدین میں گھل مل گئے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں بہتری کے حوالے سے ان کی جانب سے دی جانے والی مثبت تجاویز پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔