صدرر نے متوازن اور ملک و قوم کے مفاد میں بہترین خطاب کیا ، میاں عبدالمنان

بدھ 1 جون 2016 17:18

اسلام آباد ۔ یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جون۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا کہ صدر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متوازن اور ملک و قوم کے مفاد میں بہترین خطاب کیا، صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران پانامہ لیکس کا شور مچانے والے خود حمام میں ننگے ہیں، تحقیقات میں اگر ان کا کوئی لیڈرر بچ گیا تو میں اسمبلی سے استعفیٰ دے دوں گا۔

انہوں نے سوموار کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صدرر نے متوازن اور ملک و قوم کے مفاد میں بہترین تقریر کی۔ انہوں نے ہر شعبہ زندگی پر اظہار خیال کیا اور تجاویز دیں۔ حکومت ان کے خطاب کی روشنی میں پالیسیوں کو مرتب کرنے میں مدد دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم اللہ کے فضل سے صحتیاب ہوئے ہیں، آج انہوں نے ناشتہ بھی کیا، بعض لوگ کابینہ کے اراکین کے اسمبلی میں نہ آنے کو تنقید کا خواہ مخواہ نشانہ بنا رہے ہیں، بعض وزراء وزیراعظم سے اپنے جذباتی لگاؤ کی وجہ سے لندن میں ان کے پاس گئے ہیں، صدر کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین کی طرف سے پانامہ لیکس کے بارے آوازیں کسنے پر جواب دیتے ہوئے میاں منان نے کہا کہ یہ لوگ صرف تنقید ہی کرنا جانتے ہیں میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ حمام میں سب ننگے ہیں۔

پانامہ پیپرز پر تحقیقات کرائی جائیں تو ان کا ایک بھی لیڈر نہیں بچے گا اگر کوئی بچ گیا تو میں اسمبلی سے استعفیٰ دے دوں گا۔