دینی و مذہبی جماعتوں پر مشتمل تحفظ ”حرمت رسول “فورم کا قیام

ختم نبوت و ناموسِ رسالت ایکٹ پر عملدرآمد کیلئے قومی حرمت رسول کانفرنس5جون کو طلب آئین کی اسلامی شقوں کو غیر فعال اور ملک کو سیکولر نہیں بننے دینگے :علامہ ممتاز اعوان کی پریس بریفنگ

Malik Usman ملک عثمان بدھ 1 جون 2016 16:48

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون ۔2016ء)کل مسالک ”ورلڈ پاسبان ختم نبوت“کے زیر اہتمام دینی و مذہبی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس لاہور مرکز تحفظ ختم نبوت میں مولانا پیر سلمان منیر سجادہ نشین سمبڑیال شریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کی قابل ذکر 13بڑی دینی جماعتوں جے یو آئی، جے یو پی ، جماعت اسلامی ،ورلڈ پاسبان ختم نبوت، مسلم لیگ (ن )علماء و مشائخ ،جمعیت اہلحدیث ، جمعیت اہلسنت ، تحریک ملت جعفریہ، سنی علماء کونسل ، مجلس احرار اسلام ، تحریک تحفظ ختم نبوت ، جمعیت مشائخ،تحریک حرمت رسول کے نمائندوں حافظ حسین احمد ،پیر ولی اللہ شاہ بخاری،علامہ محمد ممتاز اعوان، مفتی عاشق حسین، شیخ محمد نعیم بادشاہ، مولانا محمد اسلم ندیم، قاری اعجاز احمد، حافظ نعمان حامد، علامہ وقار الحسنین نقوی، مولانا حنیف حقانی، علامہ شعیب الرحمن قاسمی، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی، شفیق رضا قادری،ڈاکٹر شاہد نصیر ودیگر نے شرکت کی جس میں زیر التواء توہین رسالت کیسزپر کارروائی اورحرمت رسول کے تحفظ کیلئے تمام بڑی دینی و مذہبی جماعتوں پر مشتمل تحفظ” حرمت رسول “فورم کا قیام عمل میں لیا گیا اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے علامہ ممتاز اعوان نے بتایا کہ غیر محسوس طریقہ سے یہودی و قادیانی لابی آئین کی اسلامی شقوں کو عملاً غیر موثر بنانے کیلئے سرگرم ہے جبکہ دینی قوتیں آئین کی اسلامی شقوں کوغیر فعال اور وطن عزیز پاکستان کو ہرگز سیکولر نہیں بننے دینگی ۔

(جاری ہے)

ختم نبوت و ناموسِ رسالت ایکٹ پر موثر و مکمل عملدرآمد کرانے کیلئے قومی حرمت رسول کانفرنس 5جون کو 3بجے سہہ پہر لاہور پریس کلب میں طلب کرلی گئی ہے جسمیں قومی ،دینی و سیاسی راہنما اس ضمن میں آئندہ کے لائحہ عمل اور مشترکہ اعلامیہ کا اعلان کرینگے ۔