سری لنکا کے نووان کلاسیکرا نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لی

بدھ 1 جون 2016 16:12

سری لنکا کے نووان کلاسیکرا نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لی

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جون۔2016ء) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر نووان کلاسیکرا نے مختصر طرز کرکٹ میں بھرپور توجہ دینے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔33 سالہ نووان کلاسیکرا نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کوایک خط کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا جس میں انھوں نے تحریر کیا کہ میں فوری طورپر ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کش ہورہا ہوں'۔

فاسٹ بالر کا کہنا تھا کہ کافی غور کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا کہ ریٹائر ہونے کے لیے یہ مناسب وقت ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کی بدولت میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بہتر تیاری کرسکوں گا۔انھوں نے بورڈ کو لکھا ہے کہ 'بہترین کارکردگی اور انتخاب کی صورت میں سری لنکا کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو جاری رکھنا چاہتا ہوں'۔

(جاری ہے)

کلاسیکرا نے 2005 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبو کیا جس کے بعد اب تک انھوں نے 21 ٹیسٹ میچوں میں 48 وکٹیں اپنے نام کرلیں۔

کلاسیکرا نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ دوسال قبل انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلا، ٹیسٹ کرکٹ میں 48 وکٹوں کے علاوہ انھوں نے ایک نصف سنچری کی مدد سے 391 رنز بنائے۔سری لنکا کے لیے 173 ون ڈے میچ کھیلنے والے کلاسیکرا نے ٹیسٹ کی نسبت ون ڈے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 2009 میں آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست بالر کا درجہ حاصل کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :