ڈرون حملہ ہماری خود مختاری کے خلاف ہے،دہشتگرد ی کیخلاف جنگ میں ناکامی کا کوئی آپشن نہیں ہے۔آرمی چیف

ڈرون حملہ ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہے،آپریشن ضرب عضب کامیابی کی طرف گامزن ہے،جنرل راحیل شریف کی میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 1 جون 2016 12:39

ڈرون حملہ ہماری خود مختاری کے خلاف ہے،دہشتگرد ی کیخلاف جنگ میں ناکامی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جون 2016ء) : چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشتگرد ی کے خلاف جنگ میں ناکامی کا کوئی آپشن نہیں ہے،ڈرون حملہ ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہے،آپریشن ضرب عضب کامیابی کی طرف گامزن ہے،میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ سال دہشتگردی کے خاتمے کا سال ہے،آرمی چیف نے پارلیمنٹ سے صدر مملکت کے خطاب میں ضرب عضب کے ذکر کو سراہا۔

آرمی چیف نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔پارلیمنٹ کے مشرکہ اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضرب عضب کو اسی برس مکمل کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔56فیصد آئی ڈی پیز کی مکمل واپسی ہو چکی ہے، دہشت گردوں کو کسی صورت کلئیر کیے گئے علاقوں میں دوبارہ نہیں جانے دیں گے، جنوبی اور شمالی وزیرستان میں ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے وسائل کی فراہمی کی ترجیح ہونی چاہئیے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے وہ فصل گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو۔ انہوں نے فاٹا میں پاک فوج کی کارروائیوں سے صدر مملکت کو آگاہ کیا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابیاں مستحکم کرنے کا ایک اہم مرحلہ ہے۔فوج نے محض فضا ہموار کرنی ہے اور اس میں ہمیں پوری قوم کی حمایت چاہئیے۔ اقتصادی راہدای کا منصوبہ ہر صورت مکمل ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ روز صبح آ کر اپنی میز پر پہلی فائل آئی ڈی پیز کی دیکھتا ہوں، قبائلی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر اور تعلیمی سہولیات پر توجہ دی جا رہی ہے، فاٹا میں گورننس کا نظام وضع کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے دہشتگروں کے خلاف پوری قوم کے جذبے کو بھی سراہا۔انہوں نے بتایا کہ ترکی کے دورے کے دوران پاکستان فوج کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو سراہا گیا۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ امریکہ سے ایف 16 کی فراہمی کے لیے ائیر چیف کوششیں کر رہے ہیں۔