وفاقی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق اوگرا کی سمری منظور نہیں کی گئی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی میڈیا کو بریفنگ

منگل 31 مئی 2016 22:33

وفاقی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ 31 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مئی۔2016ء) وفاقی حکومت نے ماہ جون کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رمضان المبارک کی آمد اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق اوگرا کی سمری منظور نہیں کی گئی، اس بات کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے منگل کی شام میڈیا بریفنگ میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے باعث اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھیجی جس میں پٹرولیم کی قیمت میں 85 پیسے ہائی اوکٹین کی قیمت میں 2.18 روپے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.97 روپے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6.69 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4.40 روپے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر اور وزیراعظم کے آئندہ بجٹ میں کسانوں کو ریلیف دینے سے متعلق ہدایات کی روشنی میں اوگرا کی سمری منظور نہیں کی گئی۔

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ماہ جون کے دوران قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہیں گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کی وجہ سے حکومت کو ساڑھے 8 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ تاہم اس سے رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کو روکنے میں مدد ملے گی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کا کامیاب آپریشن ہوا ہے اور انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب دعا گو ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں اور وطن واپس آکر قوم کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ دستاویزات کی وزیراعظم سے منظوری آئینی تقاضا تھا جسے پورا کیاگیا ہے۔ وزیراعظم نے دل کے آپریشن سے چند گھنٹے پہلے قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ کے اجلاسوں کی صدارت کی اور اپنی قومی ذمہ داری نبھائی۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کی دستخط شدہ بجٹ دستاویزات موصول ہوچکی ہیں۔