پی ایس 106کیلئے پی ٹی آئی کی نامزد امید وار نصرت انوار کو سیاسی جماعت کی جانب سے ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، زنیرا ملک

سندھ حکومت اور ڈی جی رینجرز فوری نوٹس لیں ،ہماری امید وار کو تحفظ فراہم کیا جائے اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے، پریس کانفرنس

منگل 31 مئی 2016 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ سندھ کی صدر زنیرا ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ایس 106کے لیے پی ٹی آئی کی نامزد امید وار نصرت انوار کو سیاسی جماعت کی جانب سے ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، سندھ حکومت اور ڈی جی رینجرز فوری نوٹس لیں ،ہماری امید وار کو تحفظ فراہم کیا جائے اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی وومن ونگ کی جنرل سیکرٹری ارم بٹ ،نائب صدر شاہین شیخ،صائمہ اشرف اور صائمہ ندیم و دیگر بھی موجود تھیں ۔ زنیرا ملک نے کہا کہ گزشتہ روز پی ایس 106کی انتخابی مہم کے دوران نامزد امید وار نصرت انوار کو سیاسی جماعت کے کارکنان کی جانب سے حراساں کرنے کی کوشش کی گئی اور پتھر بھی پھینکے گئے جس کی مذمت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ا نھوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر سیاسی جماعت کو اپنی انتخابی مہم چلانے کا پورا حق حاصل ہے ،سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پولنگ کے روز پی ایس 106اورپی ایس117کے تمام پولنگ اسٹیشن کے اندر او ر باہر رینجرز اور فوج کے جوانوں کو تعینات کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت اندرون سندھ میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا جبکہ پانی کی بھی قلت پیدا ہورہی ہے لیکن حکومت کی جانب سے ان مسائل کے تدارک کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جارہے، رمضان سے قبل اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں بھی من مانہ اضافہ کردیا گیا ہے ، حکومت رمضان المبارک میں شہریوں کو پانی و بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور اشیاء خور د و نوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔