کراچی،گلشن حدید دھماکے کا مقدمہ درج، 22 افراد زیرحراست

منگل 31 مئی 2016 21:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) چینی انجینئرکی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج جبکہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 22 افراد کو گرفتار کر لیا- تفصیلات کے مطابق گلشن حدید میں پیر کے روز چینی انجئنیر کی گاڑی کے نزدیک دھماکہ کا مقدمہ سب انسپکٹر منظور حسین کی مدعیت میں سی ٹی ڈی گارڈن تھانہ میں درج کیا گیا۔

مقدمہ میں انسداد دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ کے متن کے مطابق نیشنل ہائی وے کے نزدیک گلشن حدید میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے چینی انجینئر ڈرائیور سمیت زخمی ہو گیا تھا۔ سی ٹی ڈی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب چینی باشندے پر بم حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گلشن حدید اور اطراف کے علاقوں میں کارروائیاں تیز کردیں۔

(جاری ہے)

اسٹیل ٹاون اور پیپری میں چھاپوں کے دوران 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق زیر حراست افراد میں قوم پرست تنظیم اور کالعدم جماعت کے کارندے بھی شامل ہیں۔ مشتبہ افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ منگھوپیر میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

متعلقہ عنوان :