بلاول بھٹونے عوامی خواہش ،پانامہ لیکس کے معاملے پروزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا،آغا سراج درانی

پیپلزپارٹی نے جمہوریت کوبچانے کیلئے محمد نوازشریف کا ساتھ دیا،آصف زرداری پرمک مکا کا الزام درست نہیں ہے،سپیکر سندھ اسمبلی

منگل 31 مئی 2016 21:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے کہاہے کہ بلاول بھٹونے عوامی خواہش اورپانامہ لیکس کے معاملے پروزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ،پیپلزپارٹی نے جمہوریت کوبچانے کے لیے نوازشریف کا ساتھ دیا،آصف زرداری پرمک مکا کا الزام درست نہیں ہے۔ سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آغاسراج درانی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹوکی ہدایت پر سندھ اسمبلی اورپیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کی کارگردگی رپورٹ تیارکرلی ہے،جلد عوام کے سامنے پیش کروں گا۔

(جاری ہے)

اسپیکرسندھ اسمبلی نے کہاکہ تیسرے پارلیمانی سال کے دوران حاضری کے اعتبارسے ارکان کی کارگردگی مایوس کن رہی ۔آغاسراج درانی نے کہاکہ ایک جیمزبانڈ کے بیٹے نے اسٹنگ آپریشن کے نام پرتاریخ سازسندھ اسمبلی کی بے حرمتی کی،انکوائری مکمل ہونے پرذمہ داروں کوکڑی سزا ملے گی۔آغاسراج درانی کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس پرعوام کی ترجمانی کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا،ہم دعا گوہیں کہ وزیراعظم جلد صحت یاب ہوں ،نوازشریف سے مک مکا کے مولانا فضل الرحمن کا بیان غیرسنجیدہ تھا،پیپلزپارٹی نے جمہوریت بچانے کے لیے دھرنوں کے دوران نوازشریف کا ساتھ دیا۔