مہاجروں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کیا جائے،بہارالدین شیخ

منگل 31 مئی 2016 21:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2016ء)مہاجر اتحاد تحریک کے جنرل سیکریٹری بہارالدین شیخ نے کہا ہے کہ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے مہاجر ملازمین کے دور دراز علاقوں میں تبادلے اور انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ بند کیاجائے،انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک مہاجروں کے ساتھ حکمرانوں اور ریاستی اداروں نے جو سلوک روا رکھا ہے اس کے تدراک کیلئے مہاجروں کو بنیادی سہولیات اور ان کے بنیادی حقوق فوری طورپر فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ متعصب صوبائی حکومت کراچی اور حیدرآباد کے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے مہاجر افسران و ملازمین کو ہراساں کررہے ہیں ۔ ان کے دور دراز علاقوں میں تبادلے کئے جارہے ہیں جبکہ برسو سے کنٹریکٹ پر کام کرے والے مہاجروں کو ملازمت سے فارغ کیا جارہا ہے اس کے برعکس صوبائی حکومت ملازمتوں پر پابندی کے باوجود جیالوں کو غیرقانونی طورپر بھرتی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ MIT ہر اس اقدام کیخلاف آواز اُٹھائے گی جس میں مہاجروں کی نسل کشی کی جاتی ہے یا پھر مہاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہو۔ کیونکہ آج حکومت خود ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں رائج کئے گئے کوٹہ سسٹم کے تحت مہاجروں کو تعلیم اور ملازمت میں ان کا حق نہیں دے رہی،جبکہ ہم دیہی شہری تفریق کوٹہ سسٹم کے بدترین مخالف ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کوٹہ سسٹم میں مہاجروں کی چار نسلیں تباہ ہوچکی ہیں،لیکن حکومت خود اپنے ہی نافذکردہ کوٹے پر بھی عملدرآمد کرنے کو تیار نہیں جو ظلم کی انتہا ہے۔