جماعت الدعوة کی حافظ سعید کے چین سے متعلق بیان کی تردید، بھارت جھوٹے پروپیگنڈے سے باز رہے ، ترجمان یحییٰ مجاہد

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 31 مئی 2016 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31 مئی۔2016ء) جماعةالدعوة پاکستان کے ترجمان محمد یحییٰ مجاہد نے بھارتی میڈیا کی طرف سے امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید سے متعلق چین کے حوالہ سے کئے جانے والے بے بنیاد اور جھوٹے پروپیگنڈا کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کا پرانا اور انتہائی مخلص دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

حافظ محمد سعید نے چین کے حوالہ سے کوئی بیان نہیں دیا حقیقت یہ ہے کہ بھارت نے ہمیشہ پاک چین تعلقات میں دراڑیں پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ حالیہ پروپیگنڈابھی انہی سازشوں کا شاخسانہ ہے۔ اپنے بیان میں ترجمان نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے سلسلہ میں چین نے ہر چیلنج کو قبول کیاہے۔ ہم اس پر چین کا شکریہ اداکرتے ہیں اور چینی قیادت کے اس جذبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

یحییٰ مجاہد نے کہاکہ ہندوستان دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے ڈرون حملوں اور بھارتی جارحیت کیخلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں کی مشترکہ جدوجہد کے اعلان سے بوکھلا گیا ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی کھل کر حمایت کی وجہ سے اس نے جماعةالدعوة کیخلاف بے بنیاد اور گمراہ کن بیان بازی کا سہارا لینا شروع کر رکھا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی میڈیاجھوٹے پروپیگنڈا کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

متعلقہ عنوان :