فلاحی تنظیموں کی سرگرمیاں زندہ معاشروں کی نشانی ہوتی ہیں ‘عبدالعلیم خان

حکومت کی نا اہلی کے باعث این جی اوز کے کردار میں اضافہ ہو جا تا ہے ،اپنی مدد آپ کو فروغ ملنا چاہیے‘ عہدیداروں سے گفتگو

منگل 31 مئی 2016 20:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ فلاحی تنظیموں کی سرگرمیاں زندہ معاشروں کی نشانی ہوتی ہے اور حکومت کی نا اہلی کے باعث این جی اوز کے کردار میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے این اے 122کی تنظیم حقوق العباد ،ہزارہ ویلفئیر سوسائٹی اور نوجوا ن ویلفئیر سوسائٹی کے عہدیداروں رانا آصف محمود ،سید زاہد علی شاہ ،عبدالرحمان خان ،عبدالرشید خان اور جہانگیر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مدد آپ کے جذبے کو فروغ ملنا چاہیے اور معاشرے کے ہر فرد کو ایک دوسرے کی مدد اور مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے تحت این اے 122کے عوام پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں اور مختلف یونین کونسلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ڈسپنسریوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ،انہوں نے این اے 122کے علاقوں انجن شیڈ ،اچند گڑھ اور باجا لائن کے علاقوں میں ویلفئیر سرگرمیوں کو سراہا اور ان اداروں کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

ایم پی اے محمد شعیب صدیقی کی سربراہی میں آنے والے این جی اوز کے ان عہدیداروں نے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام این اے 122میں ہونے والی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس علاقے سے گذشتہ 14برسوں سے جیتنے والے ایاز صادق نے عوام کی مشکلات کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ عبدالعلیم خان علاقے کے لوگوں کے دکھ درد میں ہمیشہ شریک ہوتے ہیں اسی لیے لوگوں نے اُن پر ہمیشہ اعتماد کا اظہا رکیا ہے ۔