میر پور کے تاریخ ساز جلسے میں کارکنوں کے جذبے نے مخالفین کی خود ساختہ قیاس آرائیوں کی نفی کردی ‘مخدوم سید احمد محمود

شہید ذوالفقار علی بھٹو اورمحترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی پارٹی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے‘مرکزی رہنماء پیپلز پارٹی

منگل 31 مئی 2016 20:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ وہ لوگ جو کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی ختم ہو چکی ہے ، میر پور کے تاریخ ساز جلسے میں پارٹی کارکنوں اور عوام کے ٹاٹھیں مارتے ہوئے سمندر اور جذبے نے مخالفین کی نیندیں حرام اور انکے غلط پراپیگنڈوں سمیت خود ساختہ قیاس آرائیوں کی نفی کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اورمحترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی پارٹی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔

ان خیالات کااظہارا نہوں نے آزاد جموں کشمیر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں میرپور میں پارٹی کے کامیاب جلسہ عام پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعظم جموں کشمیر، چوہدری عبدالمجید اور انکے ٹیم میں شامل افراد سمیت پارٹی کے جیالے اور جانثار کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن کوئی مائی کا لعل پاکستا ن پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کر سکتا۔

مشکل گھڑی میں ذاتی مفادات کی خاطر اس کا ساتھ چھوڑ جانیوالے آج ضرور شرمندہ ہونگے کہ انہوں نے جلد بازی میں غلط فیصلے کیے، یہ شہیدوں اور غازیوں کی جماعت ہے جس نے ملک و قوم کی بہتری کے لیے ہمیشہ لازوال کارنامے اورخدمات سرانجام دیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود ساختہ نجومی بن کر پیپلز پارٹی کے حوالے سے قیاس آرائیاں کرنے والے سیاسی شعبدہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے بھٹو ازم کے متوالے جیے بھٹو کے نعرے کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹیکے پرچم تلے یک جان و ایک سانس ہو کر اقتدار کی جنگ نہیں اقدار کی جنگ لڑیں گے عوام کے مسائل حل کرنے میں پیپلز پارٹی کا ہر ورکر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے جس نے ہر دور میں جمہوری طریقہ سے جمہوریت کا تحفظ کیا ۔

بلاول بھٹو زرداری پاکستان اور نوجوانوں کا مستقبل ہیں جو اپنے شہید نانا اور شہید والدہ کے افکار و فلسفے کی روشنی میں ان کے ادھورے مشن کی تکمیل کو پورا کرنے کا عہد کیے ہوئے ہیں انکے سواء ملک میں کوئی اور تبدیلی نہیں لا سکتا ۔ (ن) لیگ کی حکومت کی معاشی پالیسیاں صرف اپنے دوستوں اور خاندانی افراد کو نوازنے کے لیے ہیں جسکی وجہ سے ہر طرف مایوسی ہی نظر آ رہی ہے انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں جب پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمیں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وفاق سمیت چاروں صوبوں میں عوامی حمایت کے لیے بھرپور اکثریت حاصل کر کے حکومتیں قائم کریگی۔