پنجاب میں سب اچھا نہیں، استاتذہ، طلبہ، ڈاکٹرودیگرسرکاری ملازمین سب اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر ہیں‘محمودا لرشید

سرکاری ہسپتالوں میں گنجائش سے زیادہ مریض ہیں، ادویات کی کمی ہے، کیا میٹرو اورنج ٹرین منصوبے نئے ہسپتالوں کے قیام سے زیادہ ضروری ہیں؟ پنجاب میں سوا کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، پنجاب میں سب سے زیادہ بچوں سے مشقت کرائی جاتی ہے‘قائد حزب اختلاف کی پنجاب سیکرٹریٹ میں سول سوسائٹی کے ارکان سے گفتگو

منگل 31 مئی 2016 20:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ پنجاب میں سب اچھا نہیں، استاتذہ، طلبہ، ڈاکٹر، نرسیں، مریض اور انکے لواحقین، کسان، سرکاری ملازمین سب اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں گنجائش سے زیادہ مریض ہیں، ادویات کی کمی ہے، کیا میٹرو اورنج ٹرین منصوبے نئے ہسپتالوں کے قیام سے زیادہ ضروری ہیں؟ پنجاب میں سوا کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، پنجاب میں سب سے زیادہ بچوں سے مشقت کرائی جاتی ہے، کرپشن میں پنجاب کا پہلا نمبر ہے،کیا یہ گڈ گورننس ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایوان کی منظوری کے بغیر اربوں کے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں، خادم اعلیٰ درحقیقت شہنشاہ ہیں، اسمبلی میں آنا اپنی توہین سمجھتے ہیں، اورنج لائن منصوبے میں بے گھر ہونے والے افراد کو معاوضہ دلوانے یا منصوبے کی زد میں آکر ہلاک یا خود کشی کرنیوالوں کی بات کریں تو کہتے ہیں اپوزیشن ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں سول سوسائٹی کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ان تین سالوں کے دوران بنیادی انسانی حقوق کی بات کی ، سرکاری ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور صوبے میں صاف پانی کے حوالے سے مسائل اجاگر کئے لیکن حکومت پنجاب انسانوں کی بجائے سڑکوں اور پلوں کی تعمیرات کو ہی ترقی سمجھتی ہے، ہم ترقیاتی منصوبوں کیخلاف نہیں لیکن چاہتے ہیں حکومت شہریوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے لیکن بدقسمتی سے پنجاب حکومت کی اس جانب کوئی توجہ نہیں۔

بجٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن عوام دشمن بجٹ کو کسی صورت تسلیم نہیں کریگی، مفاد عامہ سے متعلق ہماری تجاویز کو بجٹ کا حصہ نہ بنایا گیا تو ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دی جائیگی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافد کرے، پرائمری ہیلتھ پر توجہ دے، فی الفور زرعی پالیسی کا اعلان کرے، بجٹ میں غریب شہری کے زیر استعمال روزمرہ اشیاء پر ٹیکس ختم کرے اور آئندہ بجٹ میں نئے ٹیکسوں کے نفاذ سے پرہیز کرے پھر یہ بجٹ عوام دوست ہوگا۔

وزیراعظم کی ہارٹ سرجری پر بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ اﷲ کا شکر ہے کہ وزیراعظم کی ہاٹ سرجری کامیاب رہی، امید ہے میاں نواز شریف جلد واپس آکر خود کو احتساب کیلئے پیش کرینگے۔

متعلقہ عنوان :