مجتبیٰ شجاع الرحمن کی رہائش گاہ پر وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لئے دعاء

نواز شریف عالم اسلام کا مشترکہ سرمایہ ہیں جن کی لیڈر شپ سے امت مسلمہ کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 31 مئی 2016 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف عالم اسلام کا مشترکہ سرمایہ ہیں جن کی لیڈر شپ سے امت مسلمہ کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے،ان کی خدمات کے پیش نظر پورا عالم اسلام دعاگو ہے کہ اﷲ تعالی وزیراعظم محمد نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے تاکہ وہ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی خدمت اور بھلائی کا سفر ایک بار پھر پوری تابناکی اور عزم مصمم کے ساتھ جاری وساری رکھ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحتیابی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں اراکین اسمبلی ومسلم لیگ(ن) کے عہدیداران اور عوام بشمول خواتین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ہے کہ اسے وزیراعظم محمد نواز شریف جیسا بے داغ،جرات مند اور محب وطن قائد ملا ہے جس نے اقتدار وسیاست کو پاکستان کی تعمیر وترقی اور عام آدمی کی بھلائی کے لئے استعمال کیا ہے۔

مستقبل کا مورخ نواز شریف کی پالیسیوں کی بدولت ان کا جنوبی ایشیا کی سیاسی تاریخ میں خصوصی مقام معتین کرے گا۔بانی پاکستان قائداعظم کے بعد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔جنوبی ایشیا کی پہلی موٹروے تعمیر کی اور معاشی استحکام کا سفر شریف برادران کی قیادت میں پوری تابناکی سے جاری ہے۔اس موقع پر مختلف شرکاء نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا اور وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی مکمل صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی۔