Live Updates

تمباکو نوشی سے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں، عرفان صدیقی

سگریٹ نوشی کے بد اثرات سے آگاہی بارے میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ذرائع ابلاغ کو اس بارے باقاعدہ آگاہی مہم کو تیز تر کرنا ہوگا نوری ہسپتال کا اس سلسلے میں انتہائی اہم کردار خوش آئند بات ہے،سیمینار سے خطاب

منگل 31 مئی 2016 19:54

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مئی۔2016ء ) وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی سے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں، ترک تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اسے صرف ایک دن تک محدود نہ رکھیں بلکہ سارا سال قوم میں اس بارے آگاہی مہم کو جاری رکھیں تاکہ عوام اس کے نقصانات سے آگاہی حاصل کر سکیں ۔

سگریٹ نوشی کے بد اثرات سے آگاہی بارے میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اس لئے ذرائع ابلاغ کو اس بارے باقاعدہ آگاہی مہم کو تیز تر کرنا ہوگا ۔ نوری ہسپتال اس سلسلے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوری ہسپتال کے زیر اہتمام ” انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن “ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ممبر سائنس پی اے ای سی ڈاکٹر ایس ایم جاوید اختر نے کہا کہ تمباکو نوشی دماغی خلیوں کو براہ راست متاثر کرتا ہے اور کینسر کا سبب بنتا ہے۔ نوری ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹرمحمد فہیم نے تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والی خرابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بتایاکہ کہ کس طرح ہماری نوجوان نسل اس عادت بد کا شکار ہو کر اپنی زندگیوں کو برباد کر رہی ہے ۔

ڈاکٹر فیاض احمد ڈائریکٹر میڈیکل سائنس نے کہا کہ بچے ہر بات بڑوں سے سیکھتے ہیں اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم بچوں کے سامنے سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں ۔ ڈاکٹر حمیرا محمود ہیڈ آف انکالوجی نوری ہسپتال نے کہا کہ آجکل خواتین میں بھی تمباکونوشی کا رجحان بڑھ رہا ہے ہیں ۔ پسماندہ علاقوں کی خواتین میں بھی تمباکو نوشی کے ساتھ ساتھ سگریٹ ، پان ، چھالیہ و دیگر نشوں کا استعمال بڑھ رہا ہے ۔

تمباکو نوشی حاملہ عورتوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے ،حاملہ عورتوں کے بچوں میں بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں اس لئے انہیں اس سے اجتناب کرنا چاہئے ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور چیئرمین گرین ٹاسک فورس ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ تمباکو نوشی کے باعث ہماری نسلیں معاشرتی برائیوں کا شکار ہو رہی ہیں ،بڑھتی ہوئی تمباکو نوشی نے والدین کا سکون غارت کر کے رکھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوری ہسپتال کی انسدادتمباکو نوشی مہم بارے کاوشیں لائق تحسین ہیں اس سے لوگوں میں کافی آگاہی پیدا ہو رہی ہے تقریب کے آخر میں اعلیٰ کارکردگی پر شیلڈز تقسم کی گئیں اور آگاہی واک ہوئی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات