پاکستانی آم کی امریکا میں فروخت کے لیے ای کامرس سہولت متعارف

ای کامرس کے ذریعے امریکا جیسی وسیع منڈی میں آم کی فروخت ایک تاریخ ساز رجحان ہے

منگل 31 مئی 2016 19:30

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مئی۔2016ء ) امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور آم کے شوقین دیگر خطوں کے باشندے ای کامرس ویب سائٹ کے ذریعے پاکستانی آم خرید سکیں گے۔پاکستانی ایکسپورٹ کمپنی نے امریکا میں آم کی فروخت کے لیے ای کامرس کی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں پاکستانی پروڈکٹ بالخصوص جلد تلف ہونے والے پھل فروخت کرنے کے لیے ای کامرس کے استعمال کی یہ پہلی مثال ہے۔

ای کامرس کے ذریعے امریکا جیسی وسیع منڈی میں آم کی فروخت ایک تاریخ ساز رجحان ہے جس کا سہرا تین سال قبل آم کی ایکسپورٹ شروع کرنے والی کمپنی ”فارم ہاوٴس ایکسپورٹ“ کے سر ہے۔ ای کامرس کے ذریعے پاکستانی آم کی فروخت سے آم کی برآمدات بڑھانے میں نمایاں مدد ملے گی اور امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ امریکی باشندوں کو بھی پاکستان کے کھٹے میٹھے آموں کے ذائقے سے روشناس کرایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

پاکستانی آم کی فروخت کیلیے امریکا میں ای کامرس کی سہولت متعارف کرانے والی کمپنی کے پارٹنر ”ذوالفقار مومن“ نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی تین سال سے امریکا کو پاکستانی آمیکسپورٹ کررہی ہے۔ پاکستانی آم ڑے ریٹیل اسٹورز پر فروخت کیے جارہے ہیں۔نیویارک کے علاوہ امریکا کے تمام شہروں میں پاکستانی آمفروخت کیا جارہا ہے۔ امریکا کا مشہور ریٹیل اسٹور ایچ ای بی پاکستانی آم فروخت کررہا ہے۔

اس کے علاوہ ہیری ٹیوٹرسمیت دیگر اسٹورز سے بھی بات چل رہی ہے۔ امریکا میں پاکستانی آم کی بہت مانگ ہے، پاکستانی آم اپنے رنگ، خوشبو اور ذائقے کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی کوشش ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ امریکی باشندوں کو بھی ان کی پسند کے مطابق اعلیٰ معیار کا پاکستانی آم فراہم کیا جائے امریکا کو فی الوقت انور رٹول، دسہری، لنگڑا اور چونسا ایکسپورٹ کیا جارہا ہے تاہم پاکستانی ورائٹی لال بادشاہ بھی امریکی منڈی کے لیے بے حد موزوں ہے۔۔