وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا ،اطلاق (کل) سے ہوگا

چینی، آٹے،گھی ،دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے مجموعی طور پر پونے دو ارب کی سبسڈی دی جائیگی

منگل 31 مئی 2016 19:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2016ء)وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر مجموعی طور پر پونے دو ارب کی سبسڈی کے ساتھ رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا جس کا اطلاق (کل)یکم جون سے ہوگا۔چینی، چائے، گھی، مصالحہ جات، صابن سمیت دیگر ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق اشیائے ضروریہ پر مجموعی طور پر پونے دو ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

یوٹیلٹی سٹورز پر چینی پانچ روپے فی کلوگرام کمی سے 61روپے فی کلوگرام ،بیس کلوگرام آٹے کا تھیلا 695کی بجائے 615روپے ،دال چنا اور کالے چنے10روپے کمی سے 110روپے،دال ماش 10روپے فی کلوگرام کمی سے 265روپے اور دال مونگ 155روپے فی کلوگرام فروخت ہو گی،مسور ثابت اور دال مسور بھی 10روپے فی کلو کمی سے 110روپے فروخت ہو گی،ڈالڈا گھی کی قیمت میں 8روپے فی کلوگرام جبکہ یوٹیلیٹی گھی میں کوئی کمی نہیں ہو گی۔جام شیریں اور روح افزا کی بڑی بوتل 17جبکہ چھوٹی 8روپے سستی ہو گی اور مختلف برانڈز کے صابن دو سے تین روپے سستے فروخت ہوں گے۔