وزیراعظم محمد نواز شریف کی سرجری کامیاب رہی، انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے،مریم نواز شریف کا ٹویٹ

منگل 31 مئی 2016 19:08

اسلام آباد ۔ 31 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے لندن میں وزیراعظم کی ہارٹ سرجری کے حوالہ سے قوم کو تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھتے ہوئے کہا ہے کہ الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی سرجری کامیاب رہی اور انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

مریم نواز شریف نے اس تمام تر صورتحال کے حوالہ سے دن کے آغاز پر اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ منگل کو برطانیہ کے وقت کے مطابق صبح 8 بجے وزیراعظم کی سرجری شروع ہوئی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کی وزیراعظم سے بات ہوئی، ان کا حوصلہ بلند تھا، میں نے انہیں الله ھوالشافی کے سپرد کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ہارٹ سرجری کے آغاز کے بعد کی صورتحال کے بارے میں اپنی ٹویٹس میں بتایا کہ الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے سرجری کامیابی سے ہو رہی ہے اور اس میں چند گھنٹے مزید لگیں گے، دعائیں معجزے دکھا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز شریف نے کہا کہ الحمد الله تمام شریانوں کی کامیابی سے گرافٹنگ ہوئی اور اس میں مزید 60 سے 90 منٹس لگ سکتے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے یہ خوشخبری دی کہ الله کے فضل و کرم سے سرجری کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پمپ سے ہٹا کر آئندہ تقریباً 60 منٹ بعد آئی سی یو میں منتقل کر دیا جائے گا اور پھر کچھ دیر ان کی ٹویٹ آئی کہ ان کو آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ سرجری کی کامیابی الله تعالیٰ کے فضل اور قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ توقع ہے کہ وزیراعظم چند روز ہسپتال کے آئی سی یو میں قیام کریں گے اور بعد میں انہیں کمرے میں منتقل کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل مریم نواز شریف نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ڈاکٹرز وزیراعظم کے ہسپتال سے فارغ ہونے اور سفر کرنے کے بارے میں مشورہ دیں گے۔