Live Updates

رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب کو نوٹس

منگل 31 مئی 2016 19:06

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مئی۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ رمضان المبارک سے قبل روزمرہ استعمال کی اشیاء چاول ، گھی ، چینی ، آٹا اور بیسن وغیرہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ انتظامیہ قمیتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے مگررمضان سے قبل ہی اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہیں جس سے عام شہری کو مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اعتدال رکھنے کے لئے حکومت کو احکامات صادر کئے جائیں۔جس پر عدالت نے حکومت پنجاب کو چھ جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات