لاہورہائیکورٹ،گرمیوں کی چھٹیوں میں سکول کے بچوں سے تین ماہ کی یکمشت فیسیں وصول کرنے والے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا حکم

منگل 31 مئی 2016 19:03

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مئی۔2016ء )لاہورہائیکورٹ نے گرمیوں کی چھٹیوں میں سکول کے بچوں سے تین ماہ کی یکمشت فیسیں وصول کرنے والے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے درخواست گزار شبیرالزمان کی درخواست پر سماعت کی. سماعت کے موقع پر درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت شہریوں کو مفت تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کو گرمیوں کی چھٹیوں کے آغاز سے ہی تین ماہ کی یکمشت فیسوں کی ادائیگی کے حوالے سے دباؤ کا سامنا ہے .انہوں نے بتایا کہ یکمشت فیسیں ادا نہ کرنے والے طالبعلموں کا نام سکول سے خارج کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جو والدین اور طالبعلموں کے لئے اذیت سے کم نہیں.ڈپٹی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ تعلیم کوابھی تک تین ماہ کی اکٹھی فیس وصول کرنے سے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی.جس پر عدالت نے گرمیوں کی چھٹیوں میں سکول کے بچوں سے تین ماہ کی یکمشت فیسیں وصول کرنے والے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا.عدالت نے یکمشت فیسیں وصول کرنے کے خلاف جاری نوٹیفیکیشن کی ٹی وی اور اخبارات میں تشہیر کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے نجی سکولوں کے مرکزی دروازوں پہ بھی نوٹیفکیشن کی کاپیاں چسپاں کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے دو ہفتوں میں عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔