ملک و قوم کی ترقی کیلئے بنائی جانیوالی پالیسیاں کی کامیابی کا دارومدار موثر عملد درآمد پر ہے ‘ رفیق رجوانہ

اختیار یا اقتدار کا حقیقی مقصد عوام کی خدمت ہوتا ہے ، اگر ان سے عام آدمی کو کوئی فائدہ نہ پہنچے تو ایسے اختیار یا اقتدار کا کوئی فائدہ نہیں آئندہ بجٹ میں تعلیم صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے خطیر فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں ،حکومت گڈگورننس کویقینی بنانے کیلئے ہر سطح پر بہتر اصلاحات کرنے کیلئے تیار ہے ‘ گورنر پنجاب

منگل 31 مئی 2016 18:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) گورنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے بنائی جانیوالی پالیسیاں خواہ کتنی ہی بہتر کیوں نہ ہوں ان کی کامیابی کا دارومدار موثر عملد درآمد پر ہے جس کے لیے سول بیوروکریسی اور انتظامیہ خصوصی اہمیت کی حامل ہے ،حکومت گڈگورننس کویقینی بنانے کے لیے ہر سطح پر بہتر اصلاحات کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ عوامی قیادت سے جڑی عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے جمہوریت کے ثمرا ت عام آدمی تک پہنچ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں نیشنل مینجمنٹ کورس کرنے والے اکاون رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہو ں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ، ملاقات میں ادارے کے فیکلٹی کے ارکان بھی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ سول افسران پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور خود کو حقیقی معنوں میں عوام کا خادم تصور کرتے ہوئے اپنی تمام تر توانائیاں عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے صرف کر دیں ۔

انہو ں نے کہاکہ اختیار یا اقتدار کا حقیقی مقصد عوام کی خدمت ہوتا ہے ، اگر ان سے عام آدمی کو کوئی فائدہ نہ پہنچے تو ایسے اختیار یا اقتدار کا کوئی فائدہ نہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ موجودہ سیاسی قیادت اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے ملک سے توانا ئی کے بحران کے خاتمے ، بیروزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے اور سوشل سیکٹر میں بہتری کے لے بھرپورا اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بجٹ میں تعلیم صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں جمہوریت بالیدگی کی سطح پر پہنچ رہی ہے ، وزیر اعظم محمد نوازشریف کے علاج کے دوران تمام سیاسی پارٹیوں کی طر ف سے نیک خواہشات اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا نہ صرف جمہوری سوچ کی عکاس ہے بلکہ موجودہ نظام کے تسلسل کا عزم بھی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ وفاق نے ہمیشہ تمام صوبوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے ہیں اور جہاں ضرورت محسوس ہوئی پنجاب نے بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے چھوٹے صوبوں کو ساتھ لے چلنے کی کوشش کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی خصوصا پیشہ وارانہ افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور پنجاب میں خاص طور پر ٹیوٹا اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر فنی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ کے دوران نہ صرف ملکی ضروریات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے بلکہ بین الاقوامی معیار اور ضرورتوں کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ کورس مکمل کرنے والے اپنے لیے بیرون ملک بہتر روز گار کا انتخاب کر سکیں ۔

اس موقع پرگورنر پنجاب نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔گورنر پنجاب نے توقع ظاہر کی کہ نیشنل مینجمنٹ کو رس مکمل کرنے والے سول افسران پہلے سے زیادہ تندہی اور لگن سے عوامی خدمت کا فریضہ سرانجام دیں گے اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر ادارے کے سربراہ نے افسران کی تربیتی کورس کے مختلف خدوخال پر روشنی ڈالی ۔

بعد ازاں سگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے یورپ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے چیف کوارڈینیٹر قمر ریاض خاں کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں لندن میں زیر علاج وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لئے خاص طور پر دُعا مانگی گئی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا وقار اور اعزاز ہیں جو دُنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ خطیر زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا ادراک ہے اور اس کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ وطن عزیز پر جب بھی کبھی مشکل گھڑی آئی ہے تو اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر اپنے ملک کی مدد کی۔