امریکہ خطے میں پاک چین مخالف بلاک کی منصوبہ بندی کررہا ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

امریکہ ، اسرائیل اور بھارت سی پیک منصوبہ روکنے کیلئے گیم پلان بنا رہے ہیں‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل

منگل 31 مئی 2016 18:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امریکہ خطے میں پاک چین مخالف بلاک کی منصوبہ بندی کررہا ہے،امریکہ ، اسرائیل اور بھارت سی پیک منصوبہ روکنے کیلئے گیم پلان بنا رہے ہیں،چار ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان میں سازشوں کا جال بچھا دیا ہے، حکمران جان لیں کہ امریکی غلامی میں ذلت ہی ذلت ہے، ہماری خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کیلئے ٹیکس دیتے دیتے تھک گئی ہے،نیا بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ سے آئے ہوئے علماء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہمار ا جینا مرنا انقلاب نظام مصطفی کیلئے ہے۔

(جاری ہے)

روٹی ، کپڑا اور مکان کا ضامن نظام مصطفی ہے۔امریکہ عالمی امن کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ حکومت پاکستان کی خود مختاری پر کو ئی سودا نہ کرے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ نئے بجٹ میں تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائیں۔

تعلیم اور صحت کا بجٹ دگنا کیا جائے۔روزمرہ کے استعمال کی اشیاء پر ٹیکس ختم کیا جائے۔بجٹ روایتی ہوا تو غریبوں کے مسائل میں اضافہ ہوگا۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ بھارت اور افغانستان امریکہ کے سہولت کار بن چکے ہیں۔ امریکہ نے وار تھیٹر پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔حکومت قومی سلامتی کے معاملات میں غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے۔جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث افسروں اور اہلکاروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔ضلعی بلدیاتی حکومتوں کے قیام میں تاخیر افسوسناک ہے۔