بروقت انصاف کی فراہمی اور تاخیر بار اوربنچ کے باہمی تعاون ،خوشگوار ماحول پر منحصر ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ اسماعیل خان

منگل 31 مئی 2016 16:44

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ اسماعیل خان نے کہا ہے کہ بروقت انصاف کی فراہمی اور اس میں تاخیر بار اوربنچ کے باہمی تعاون اور خوشگوار ماحول پر منحصر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈیرہ اسماعیل خان میں 4سالہ مدت گزارنے کے بعد یہاں سے پشاور تبادلہ کے موقع پر جوڈیشل آفیسرز کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر سول جج محمد اصغر خان جو کہ ڈیرہ سے پشاور تبدیل ہو کر جارہے ہیں بھی موجود تھے، علاو ہ ازیں تقریب میں سینئر سول جج عابد زمان، ایڈیشنل رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ زمرد شاہ، سیشن جج اے ٹی سی انعام الله خان، ایڈیشنل و سول ججز ، ممبرز صوبائی بار کونسل طاہر وسیم ڈیال، حشمت نواز سدوزئی، ڈسٹرکٹ بار کے صدر اختر حسین قریشی و دیگر معززین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عبد الرؤف خٹک اور سول جج محمد اصغر خان کی خدمات کو جو انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے قیام کے دوران سرانجام دیں انہیں سراہا گیا۔ سینئر سول جج عابد زمان ، صوبائی بار و ڈسٹرکٹ بار کے صدر و نمائندوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبد الرؤ ف خٹک نے عدلیہ کے وقار اور وکلاء کے مفاد کی خاطر جو انتھک خدمات سرانجام دیں انہیں تادم زیست یاد رکھا جائے گا۔

جوڈیشن کمپلکس کی تعمیر اور عدلیہ کے نظام کی بہتری کیلئے ان کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں، مزید بتایا گیا کہ بار اور بنچ کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے اور عدالتی نظام کی اصلاح اور انصاف کی فراہمی کو بروقت ممکن بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبد الرؤف خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کے تعاون سے وہ تمام مسائل حل کرلئے ہیں جو عرصہ دراز سے حل طلب تھے، جوڈیشل کمپلکس کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی تحصیلوں کی سطح پر سول ججز و ایڈیشنل سیشن ججز کی تعیناتی، عدلیہ میں شفافیت اور نظام کی اصلاح ،بار اور بنچ کے درمیان خوشگوار روابط قائم کرنا، انصاف کی فراہمی میں کبھی بھی سمجھوتا نہ کرنا، وکلاء برادری کو قانون کے دائرے کے اندر معاونت فراہم کرنا، ان سب چیزوں کیلئے دن رات محنت کی اور آخر کار اپنے مقصد کے حصول میں کامیابی حاصل کی ، آج ہم سرخرو ہیں کہ ہم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں عدلیہ کی تاریخ میں بے شمار ترقیاتی سکیموں پر کام کیا، اسی طرح شفاف الیکشن کا انعقاد بھی آپ لوگوں کے تعاون سے ممکن ہوا اور کبھی بھی کسی عوامی نمائندے کے ساتھ اختلاط روا نہیں رکھا گیا۔

متعلقہ عنوان :