ریگی امن فٹبال ٹورنامنٹ 2016 کاٹائٹل ریگی فٹبال کلب نے اپنے نام کرلیا

منگل 31 مئی 2016 16:32

ریگی امن فٹبال ٹورنامنٹ 2016 کاٹائٹل ریگی فٹبال کلب نے اپنے نام کرلیا

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء)ریگی امن فٹبال ٹورنامنٹ 2016 کاٹائٹل ریگی فٹبال کلب نے اپنے نام کرلیا ، فائنل میں ریگی کلب نے تاجک کلب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ کے ذریعے چار پانچ سے شکست دی ، ریگی کلب نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے مسلسل چھٹی مرتبہ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا اس موقع پر مہمان خصوصی ناظم ارباب زارک خلیل اور لطف علی نے انعامات تقسیم کئے ۔

ریگی فٹبال گراؤنڈ پر منعقدہ ٹورنامنٹ کا فائنل گاڑہ کلب تاجک اور ریگی فٹبال کلب کے مابین کھیلاگیا جس میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد ایکسٹرا ٹائم میں بھی کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی ، میچ کا فیصلہ پینلٹی کک کے ذریعے کیاگیا جس میں ریگی کلب نے چار کے مقابلے پانچ گول سے کامیابی اپنے نام کی ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں خیبرپختونخوا کے بہترین ٹیمیں نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریگی کلب کے روح رواں اورآرگنائزنگ سیکرٹری گوہر خان خلیل نے کہا کہ ان کی کلب نے مسلسل چھٹی مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا انہوں نے کہا کہ 16 سال سے وہ اس کلب کی خدمت سرانجام دے رہے ہیں ۔ 1996 میں ریگی کلب کی باضابطہ طور پر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹریشن ہوئی جس کے بعد ریگی کلب نے اپنی مدد آپ کے تحت صوبے اور نیشنل سطح پر منعقدہ ہونے والے متعدد ٹورنامنٹس میں اپنے علاقے اور صوبے کانام روشن کیا ۔

، گوہر خان خلیل نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں صوبے کی 32 بہترین ٹیموں نے حصہ لیا جس کے پہلے سیمی فائنل میں ریگی کلب نے زرعی یونیورسٹی فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے چار گول سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گاڑہ تاجک فٹبال کلب نے ایریگیشن کلب کو 3-1 سے ہراکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ جبکہ فائنل میں ریگی نے اپنے روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مسلسل چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا