لاہور فیصل آباد ،ملتان اور گوجرانوالہ میں دھواں چھوڑنے ،شور مچانے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا آغاز

منگل 31 مئی 2016 16:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء)صوبائی وزیر محکمہ تحفظ ماحول پنجاب ذکیہ شاہنواز کے حکم پر لاہور ،فیصل آباد ،ملتان اور گوجرانوالہ میں دھواں چھوڑنے اور شور مچانے والی گاڑیوں کے خلاف بھر پور کارروائی کا آغاز کردیا گیا ۔تمام ایسے موٹر سائیکل رکشہ جن میں 2سٹروک والے موٹر سائیکل استعمال ہورہے ہیں اور ان میں سائلنسر بھی نکال لیے گئے ہیں ان کے چالان کیے جارہے ہیں اور جرمانے عائد کیے جارہے ہیں ۔

مہم میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ ،ٹریفک پولیس اور محکمہ تحفظ ماحول کے اہلکارحصہ لے رہے ہیں ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکومت پنجاب نے 2005ء سے 2سٹروک موٹر سائیکل رکشہ اور موٹر کیب رکشہ کی رجسٹریشن اور روٹ پرمٹ پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں لاہور ہائیکورٹ نے بھی رٹ پٹیشن نمبر6927/97اور رٹ پٹیشن نمبر8491/2000میں 2سٹروک انجن رکشوں کے استعمال پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

تاہم یہ 2سٹروک رکشہ ابھی تک شہروں میں اہم شاہراہوں پر چل رہے ہیں اور ماحول کو آلودہ کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔حکومت پنجاب نے عدالت عالیہ کے حکم کے مطابق پہلے ہی سی این جی 4سٹروک انجن رکشہ متعارف کروادیئے ہیں تاہم ابھی 2سٹروک انجن رکشوں کا ان بڑے شہروں سے خاتمہ باقی ہے ۔ شہری حدود کے اندر جو گاڑیاں غیر قانونی پریشر ہارن استعمال کرتی ہیں یا بے جا ہارن کا استعمال کیا جاتا ہے ان کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ رکشوں کے علاوہ تمام ایسی گاڑیوں کے بھی چالان کیے جا رہے ہیں جو دھواں پھیلانے یا شور مچانے کا باعث ہیں۔صوبائی وزیر محترمہ ذکیہ شاہنواز نے تمام گاڑیوں کے مالکان سے گذارش کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کو درست کروالیں ،گاڑیوں کی ٹیوننگ کروائیں اور 2سٹروک انجن رکشوں کی بجائے4سٹروک انجن رکشے استعمال کریں۔