دو فرانسیسی کوہ پیماؤں کی گیشربروم کی چوٹی سر کرنے کے لیے پاکستان کیلئے روانگی

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 31 مئی 2016 16:08

پیرس،(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31 مئی۔2016ء) دو فرانسیسی کوہ پیما ہمالیہ کی ایک چوٹی گیشر بروم کو سر کرنے کے لیے کل فرانس سے روانہ ہو رہے ہیں -دونوں کوہ پیما فلپس اروس اور کرسٹوف فیسی پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں -اس سے پہلے وہ فرانس ، اٹلی ، سویئٹزر لینڈ ، تنزانیہ ، ارجنٹائن ، چین اور پاکستان میں کئی بلند و بالا چوٹیاں سر کر چکے ہیں - 2002میں انہوں نے مونٹ ایورسٹ اور نانگا پربت کو سر کیا-
پاکستان روانگی سے قبل آج انہوں نے فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال سے ملاقات کی اور انہیں اپنی مہم سے متعلق آگاہ کیا- سفیر پاکستان نے انہیں پاکستان کا ایک جھنڈا پیش کیا جو کہ وہ 8035 میٹر بلندچوٹی پر لہرائیں گے-دونوں گیشربروم کی طرف اپنے سفر کا آغاز جون کے آخری حصے میں کریں گے -اس موقع پر کوہ پیماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے جناب سفیر نے کہا پاکستان کے پہاڑی سلسلے اور بلند و بالا برفانی چوٹیاں دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کے لیے ہمیشہ سے چیلنج اور کشش کا باعث رہی ہیں-دنیا بھر سے بیشمار سیاح اور کوہ پیما موسم گرما میں پاکستان کے ان پہاڑی سلسلوں کا رخ کرتے ہیں-انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو سیاحتی اور مہم جوئی کے بیشمار اور لازوال خزانوں سے مالا مال کر رکھا ہے -انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہاڑی چوٹیاں فرانسیسی سیاحوں کے لیے خاص طور سے کشش کا باعث رہی ہیں-دونوں کوہ پیماؤں نے اپنی موجودہ مہم کو دوستی کے سفر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا-‎

متعلقہ عنوان :