مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور وزراء کی وزیراعظم کی جلد صحت یابی اور آپریشن کی کامیابی کے لئے دعائیں

پوری قوم کی دعاؤں سے وزیراعظم صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں گے ‘محمد زبیر ‘ طلال چوہدری ‘مریم اورنگزیب

منگل 31 مئی 2016 15:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور وزراء نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی اور آپریشن کی کامیابی کے لئے دعائیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کی دعاؤں سے وزیراعظم صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں گے۔ وزیر مملکت اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی جلد سے جلد صحت یابی کے لئے ہم سب دعا گو ہیں۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کامیاب آپریشن اور صحت یابی کے بعد وطن واپس آئیں گے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں اپنے محبوب رہنما اور ملک کے منتخب وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور وہ جلد صحت یاب ہو کر وطن لوٹیں۔ ایم این اے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلم امہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ بے حد پیار کرتی ہے اس لئے پوری قوم ان کی صحت یابی کے لئے مسلسل دعائیں کر رہی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو صحت یاب کرے اور وہ واپس آکر قوم کی خدمت جاری رکھیں۔