جاوید میانداد نے انضمام الحق کی سربراہی میں قائم قومی سلیکشن کمیٹی 'ون مین شو' قرار دیدی

منگل 31 مئی 2016 14:45

جاوید میانداد نے انضمام الحق کی سربراہی میں قائم قومی سلیکشن کمیٹی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مئی۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے انضمام الحق کی سربراہی میں قائم قومی سلیکشن کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے اس سے 'ون مین شو' قرار دے دیا۔قومی سلیکشن کمیٹی انضمام الحق کی سربراہی میں سابق بلے باز وجاہت اللہ واسطی، 34 ٹیسٹ اور 70 ون ڈے میچوں کا تجربہ رکھنے والے توصیف احمد اور سابق فاسٹ باوٴلر وسیم حیدر پر مشتمل ہے۔

جاوید میانداد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'انضمام الحق کو سلیکشن کمیٹی میں ہاں میں ہاں ملانے والے افراد ملے ہیں'۔سابق کپتان نے نوجوان کھلاڑیوں پر توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو احمد شہزاد اور عمر اکمل کی کرکٹ تباہ نہیں کرنی چاہیے۔احمد شہزاد اور عمر اکمل کو حال ہی میں کاکول میں منعقدہ قومی ٹیم کے فٹنس کیمپ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ ڈسپلن مسائل پر دونوں کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کے 21 ممکنہ کھلاڑیوں میں بھی شامل نہیں کیا گیا جس کی ذمہ داری انضمام الحق نے قبول کی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے دورہ انگلینڈ پر پوچھے گئے ایک سوال پر میانداد کا کہنا تھا کہ مصباح کی ٹیم کے لیے یہ ایک مشکل چیلنج ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ 'انگلینڈ کا دورہ پاکستان کے لیے ہمیشہ مشکل ہوتا ہے'۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے لاہور میں دورہ انگلینڈ کی باقاعدہ تیاریاں شروع کردی ہیں جہاں دورہ انگلینڈ کے ممکنہ کھلاڑی اسکل کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔دورہ انگلیند 14 جولائی سے شروع ہو کر 7 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا