متنازع مواد کیس :اسلام آباد ہائی کورٹ کا سوشیالوجی کتاب کو مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم ،انتظامیہ سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

منگل 31 مئی 2016 14:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مئی۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچ قوم کے بارے میں متنازع مواد شائع کرنے پر فیڈرل بورڈ کی ایف اے کی سوشیالوجی کی کتاب کو مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ کو دو ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی درخواست گزار جہانگیر اسلم بلوچ کی جانب سے ایڈووکیٹ یاسر چوہدری جبکہ فیڈرل بورڈ کی جانب سے ایڈووکیٹ علی ملک اصغر عدالت میں پیش ہوئے فیڈرل بورڈ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کتاب کے متنازعہ حصوں کو نصاب سے خارج کردیا گیا ہے بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری کیڈ کو سوشیالوجی کے متنازعہ کتاب کے سٹاک مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ کو دو ہفتوں میں اپنی رپورٹ رجسٹرار آفس پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے واضح رہے کہ جہانگیر اسلم بلوچ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سوشیالوجی کی ایف اے اور بی اے کی کتاب میں بلوچ قوم کو غیر مہذب قرار دیا گیا ہے کتاب کے صفحہ نمبر 112پر بلوچ قوم کے بارے میں غیر مہذب الفاظ تحریر کئے گئے ہیں جس میں بلوچ قوم کو لڑائی جھگڑے اور قتل وغارت میں مصروف رہنے والی قوم کہا گیا ہے جس سے بلوچ قوم کا وقار مجروع ہوا ہے لہذا مذکورہ کتاب کو نصاب سے خارج کیا جائے اور اس کی خریدوفروخت پر بھی مکمل پابندی عائد کی جائے درخواست میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ، وزارت کیڈ چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو فریق بنایا گیا ہے