چین پاکستان دوستی کے لازوال اور بے مثال رشتے میں منسلک ہیں

دونوں ملکوں کے عوام نے تعاون کی بہترین مثال قائم کی ہے ، اہلیہ وزیر خارجہ چین

منگل 31 مئی 2016 14:29

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2016ء) چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی اہلیہ قیا ن ووئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان گذشتہ 65سال سے بے مثال اور لازوال دوستی موجود ہے ، دونوں ملکوں کی عوام نے مشترکہ طورپر کام کرتے ہوئے اہم شراکت داری اور تعاون کی بہترین مثال قائم کی ہے، یہ بات انہوں نے چین پاکستان سفارتی تعلقات کے 65برس مکمل ہونے پر چینی سفارتخانے میں منعقدہ چیرٹی میلے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔

، میلے کا افتتاح چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی اہلیہ قیا ن ووئی نے سرخ فیتہ کا ٹ کر کیا ،اس موقع پر چینی وزیر خارجہ کی اہلیہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ 65سال سے اپنی بے مثال اور لازوال دوستی موجود ہے ، دونوں ملکوں کی عوام نے مشترکہ طورپر کام کرتے ہوئے اہم شراکت داری اور تعاون کی بہترین مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر خارجہ کی طرف سے پاکستانی سفارتخانے کو پاک چین تعلقات کی سالگرہ منانے پر مبارکباد اور شکریہ کا پیغام بھی پہنچایا ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا کہ اس میلے کا مقصد بزرگ شہریوں کی امداد کیلئے فنڈ جمع کرنا ہے جو لانگ زین سروس سینٹر جنگ سانگ ہوم کو عطیہ کیا جائے گا جو بیجنگ میں بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال اور مدد کرنیوالا ادارہ ہے ، اس میلے میں پاکستانی دستکاروں نے اپنے ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء فروخت کیلئے پیش کیں جہاں گارمنٹس اور دیگر مختلف اشیائے کے رنگا رنگ سٹالز لگائے گئے تھے ،موسیقی کے ذریعے پاکستانی کلچر اور ثقافت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر متعدد چینی کمپنیوں جن میں زیڈ ٹی ای بھی شامل تھی نے عطیات پیش کئے۔اس موقع پر کافی بڑی تعداد میں عطیات جمع ہوئے تاہم پاکستانی سفارتخانے کے قونصلر آصف الرحمن خان نے عطیات کی مقدار ظاہر کرنے سے معذرت کرلی ، پاکستان اور چین کے درمیان 1991ء سے قریبی تعلقات قائم ہیں ، 1965ء میں دونوں ممالک نے ثقافتی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے جبکہ 1975ء میں قراقرم ہائی وے جو پاکستان کے شمالی پہاڑی علاقوں کو چین کے مغربی علاقوں سے ملاتی ہے ، کھول دی گئی اور 2005ء میں پاکستان اور چین نے دوستی، تعاون اور اچھے ہمسایوں کے تعلقات کے بارے میں ایک معاہدے پر دستخط کئے ، 2013ء چین اور پاکستان کے تعلقات انتہائی بلندیوں پر اس وقت پہنچ گئے جب چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کا فیصلہ کیا گیا جو چین کے شہر سنکیانگ کو پاکستان کی سمندری بندرگاہ گوادر سے ملاتا ہے جس پر دونوں ملکوں نے دستخط کئے ، اس معاہدے کے بعد پاک چین تعلقات ہر طر ح کی شراکت داری میں نمایاں ہو کر سامنے آ ئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :