سرگودھا اور اوکاڑہ میں پولیس مقابلے ،5ڈاکو”پار“ 4فرار

منگل 31 مئی 2016 13:44

سرگودھا،اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مئی۔2016ء)سرگودھا اور اوکاڑہ میں پولیس مقابلوں میں 5ڈاکوؤں کو ”پار“ کردیا گیا ،مارے گئے ڈاکوؤں کی سروں کی قیمت لاکھوں روپے مقرر کی گئی تھی ، مارے گئے ڈاکوؤں کی شناخت اللہ یار،بلال احمد ، بابر علی، اسد وقاص اور علی ذوالقرنین کے ناموں سے ہوئی ہے ،ملزم چند روز قبل جوڈیشل لاک اپ سے فرار ہو گیا تھا۔

پولیس کے مطابق 8ڈاکو مڈھ رانجھا کوٹ مومن روڈ پر ڈکیتی کررہے ہیں جس پر پولیس پارٹی نے ہنگامی بنیادوں پر ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کردیا جس دوران ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہیں ان پر فائرنگ شر وع کردی ۔مبینہ پولیس مقابلے میں 4ڈاکو اللہ یار،بلال احمد ، بابر علی اور اسد وقاص مارے گئے جبکہ4ڈاکو فرارہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کاکہناہے کہ مارے گئے ڈاکوؤں کی سروں کی قیمتیں لاکھوں روپوں میں مقرر تھیں۔

ڈاکو مراتب گینگ کے نام سے علاقے میں مشہور تھے۔فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ادھر اوکاڑہ کینٹ میں قصبہ اراضی ودھاوہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانا کے مطابق ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، اسکی شناخت علی ذولقرنین نام سے ہوئی ہے۔ملزم چند روزقبل جوڈیشل لاک اپ سے فرار ہوگیا تھا ، اس نے لاک اپ کے انچارج انسپکٹر سعید کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔ ڈی پی او کے مطابق علی ذولقرنین کو ہلاک کر نے والے اسکے پانچوں ساتھی فرار ہوگئے۔