مہمند ایجنسی، سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملہ ،2اہلکار زخمی

منگل 31 مئی 2016 13:44

مہمندایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مئی۔2016ء)مہمندایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے ،سڑک کنارے نصب دوسرے بم کو ناکارہ بنادیاگیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق مہمندایجنسی کی تحصیل پنڈیالی میں لاٹری پوسٹ کے قریب سے دہشت گردوں کی جانب سے نصب بم اس وقت دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے سکیورٹی فورسز کا قافلے گزر رہا تھا ، قافلے میں شامل ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور گاڑی میں سوار دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کے ارد گرد کے علاقوں کو تاحال گھیرے میں لے رکھا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ، سرچ آپریشن کے دوران فورسز نے اسی علاقے میں سڑک کنارے نصب دوسرے بم کو ناکارہ بنادیا۔سڑک کو کلیئر کرنے کیلئے بم سکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جو دھماکہ خیز مواد کو تلاش کررہا ہے تاکہ مزید کسی نقصان سے بچا جاسکے۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں سے متعدد مشکوک افراد کو بھی پوچھ گچھ کی غرض سے حراست میں لے لیا ہے۔