لاہور ہائیکورٹ نے رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 31 مئی 2016 11:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کی سکی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ رمضان المبارک سے قبل روزمرہ استعمال کی اشیاءچاول ، گھی ، چینی ، آٹا اور بیسن وغیرہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت قمیتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے مگررمضان سے قبل ہی اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہیں جس سے عام شہری کو مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اعتدال رکھنے کے لئے حکومت کو احکامات صادر کئے جائیں۔جس پر عدالت نے حکومت پنجاب کو چھ جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔