مہارشٹرا میں بھارتی فوج کا سب سے بڑا اسلحہ ڈپوجل کر خاک ہوگیا

دوافسروں سمیت24فوجی ہلاک جبکہ 19 سے زائد زخمی ہیں:بھارتی ذرائع ابلاغ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 31 مئی 2016 10:54

مہارشٹرا میں بھارتی فوج کا سب سے بڑا اسلحہ ڈپوجل کر خاک ہوگیا

ممبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31مئی۔2016ء) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہرناگ پورکے قریب پل گاوں اسلحہ ڈپو میں آگ بھڑکنے سے دوافسروں سمیت24فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 19 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔آتشزدگی کا یہ واقعہ مہاراشٹر کے ضلع وردھا میں واقع سینٹرل ایمیونشن ڈپو میں پیش آیا ہے -بھارتی ذرائع ابلاغ نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس واقعے میں دو افسران اور 17 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم ہسپتال ذرائع کے حوالے سے ایک بھارتی نشریاتی ادارے نے دعوی کیا ہے کہ حادثے میں دوافسروں سمیت 24فوجی ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے-جھلس جانے والے افراد کو ساونگی ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاحال آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے اور متاثرہ مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کو تقریباً دو بجے اس ڈپو سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دی تھیں۔

دھماکوں کے بعد لوگوں نے وہاں سے شعلے بلند ہوتے دیکھے اور اس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔آتشزدگی کے سبب ڈپو کے قریبی چار دیہات کو خالی کروا لیا گیا ہے اور اطلاعات کے مطابق ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔بھارت حکام کا کہنا ہے کہ اسلحہ ڈپو میں دھماکے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم قائم کی جائے گی۔

ضلع واردھا کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر سمیتا پٹیل نے اے ایف پی کو بتایا کہ واقعے میں 17 افراد ہلاک جبکہ 19 زخمی ہوئے، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد اسلحہ ڈپو میں متعدد دھماکے ہوئے۔ناگ پور فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک فائر افسر رامیش باردے نے بتایا کہ صبح 6 بجے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور صورتحال اب کنٹرول میں ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق مذکورہ ڈپو ایشیا کا دوسرا بڑا اسلحے کا ڈپو ہے۔یہ اسلحہ ڈپوگو لہ بارود کی منتقلی کا مرکز ہے۔اس ڈپو میں زائد المعیاد ہتھیاروں کوتلف بھی کیا جاتاہے، ڈپومیں اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اوربراہموس میزائل اوراے کے 47 رائفل بھی موجود ہیں۔

مہارشٹرا میں بھارتی فوج کا سب سے بڑا اسلحہ ڈپوجل کر خاک ہوگیا

متعلقہ عنوان :