وزیراعظم محمد نواز شریف قوم کی دعاؤں سے جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں گے، موجودہ صورتحال میں ان کی ذاتی زندگی پر تنقید قابل افسوس اور قابل مذمت ہے،وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک کی صحافیوں سے گفتگو

پیر 30 مئی 2016 23:06

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مئی۔2016ء) وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف قومی جذبے سے سرشار ہیں، قوم کی دعاؤں سے وہ جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں گے، موجودہ صورتحال میں وزیراعظم کی ذاتی زندگی پر تنقید قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی ہے جس میں آئندہ سال کے بجٹ کو منظور کیا گیا ہے۔ وزیراعظم قومی جذبے سے سرشار ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ملکی معاملات میں ذرا بھی تاخیر ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے آپریشن کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، برطانوی وقت کے مطابق منگل کی صبح 8 بجے آپریشن ہوگا، آپریشن کے چند دن بعد وہ ہسپتال سے گھر منتقل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی مشاورت کے بعد اگلے ہفتے وزیراعظم کی وطن واپسی کے بارے میں بتایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وزیراعظم کروڑوں پاکستانیوں کی دعاؤں سے صحت یاب ہو کر جلد وطن واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کی وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعاؤں پر وزیراعظم اور انکے اہل خانہ کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرتے رہیں گے، وزیراعظم کی پوری ٹیم انکے ساتھ ہے اور کابینہ کے اراکین بھی انکے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹروں نے وزیراعظم کو چند دن اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے کا مشورہ دیا تو کچھ لوگ ان تصویروں کے ذریعے سماجی ویب سائٹ پر پراپیگنڈہ کر رہے ہیں جو کہ ان کی ذاتی زندگی میں دخل اندازی کے زمرے میں آتا ہے، یہ رویہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔

متعلقہ عنوان :