کراچی شہر کے مسائل ایک قومی جماعت ہی حل کر سکتی ہے ،خرم شیر زمان

کرپٹ اور نا اہل قیادت کی وجہ سے ماضی میں روشنیوں کا شہرآج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے،انتخابی ریلی سے خطاب

پیر 30 مئی 2016 22:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ کراچی شہر کے مسائل ایک قومی جماعت ہی حل کر سکتی ہے۔ پورا کراچی شہر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ۔ہر طرف کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے ۔ عوام کے مسائل کے حل کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ لسانیت اور فرقہ واریت کی سیاست نے اس شہر کو تباہی اور بربادی کی طرف دھکیل دیا ہے۔

کرپٹ اور نا اہل قیادت کی وجہ سے ماضی میں روشنیوں کا شہرآج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز حلقہ پی ایس 106کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ریلی سے تحریک انصاف کی جانب سے پی ایس 106کی نامزد امیدوار نصرت انوار ،تحریک انصاف کے صوبائی سینئر رہنما مرزا جہانگیر رحمان ، سرور راجپوت، ریاض حیدراور دیگر خواتین رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ کراچی شہر ماضی میں ہمیشہ جمہوری تحریکوں کا گڑھ رہا ہے ۔ یہاں کے شہریوں نے ہمیشہ ملک کی بقاء ، سلامتی اور ترقی کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ حکمرانوں نے ہمیشہ کراچی کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔ انشاء اﷲ تحریک انصاف کی قیادت ہی کراچی کی ترقی ،خوشحالی اور امن کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی ۔

پر امن کراچی ، خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ۔ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے تحریک انصاف ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں کہ کراچی شہر ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن جائے گا۔ حلقہ پی ایس 106اور پی ایس 117کے عوام 2جون کو بلے کے نشان پر مہر لگا کر کراچی کی ترقی اور خوشحالی کی نئی صبح کا آغاز کریں ۔کراچی کے نوجوان تحریک انصاف کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ تحریک انصاف ہی اس ملک کا مستقبل ہے ۔اس ملک سے فرسودہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد چیئر مین عمران خان نے ہی شروع کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ انصاف کا سورج بہت جلد طلوع ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :