کراچی کے حلقہ پی ایس 106اور 117کی تمام پولنگ اسٹیشنز حساس قرار

پولنگ اسٹیشن کے اندر ،باہر رینجرز اہلکار تعینات ہونگے ،مجسٹریٹ کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے،تنویرذکی

پیر 30 مئی 2016 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) صوبائی الیکشن کمشنرتنویرذکی نے کراچی کے حلقہ پی ایس 106اور 117کی تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرارد یتے ہوئے کہاہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات ہونگے جبکہ رینجرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔2جون کو ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں عام تعطیل ہوگی۔ پیر کو صوبائی الیکشن کمشنرتنویرذکی کی صدارت میں اعلی سطح کااجلاس ہوا۔

اجلاس میں دو جون کو کراچی کے دو صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے انتظامات اور سیکورٹی کی صو ر تحال کا جائز لیا گیا ۔ اجلاس میں رینجرز،پولیس حکام،محکمہ داخلہ کے افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس میں پولنگ کے لیے سکیورٹی پلان کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت پی ایس117پرپولیس کمانڈوزکے علاوہ662پولیس اہلکارڈیوٹی دیں گے ۔

(جاری ہے)

جبکہ پی ایس 106 اور 117 پرضمنی انتخاب کی وجہ سے 2 جون کو ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں عام تعطیل ہوگی۔

اس موقعے پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر تنویر ذکی نے کہاکہ 106 اور 117 کے تمام پولنگ اسٹیشنز حساس ہیں،پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ انتخابی سامان قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشن پر پہنچایا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ انتخابی سامان کی ترسیل متعقلہ عملے کو پہنچا دئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :