نوشکی ایف آئی ار کا امریکی ایف سولہ طیاروں سے کوئی تعلق نہیں ہے ٗ رانا تنویر حسین

ایم آئی 35 ہیلی کاپٹروں کے حصول کیلئے روس سے بات چیت جاری ہے ٗپاکستان کا دفاع مضبوط ہے جو ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے ٗجے ایف تھنڈر کسی طور پر ایف سولہ سے کم نہیں ہیں ٗ میڈیا سے گفتگو

پیر 30 مئی 2016 22:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نوشکی ایف آئی ار کا امریکی ایف سولہ طیاروں سے کوئی تعلق نہیں ہے ٗایم آئی 35 ہیلی کاپٹروں کے حصول کیلئے روس سے بات چیت جاری ہے ٗپاکستان کا دفاع مضبوط ہے جو ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے ٗجے ایف تھنڈر کسی طور پر ایف سولہ سے کم نہیں ہیں۔

وہ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ امریکہ سے ایف 16طیاروں کے حوالے سے بات چیت ہورہی ہے‘اگر یہ طیارے مل جائیں تو ٹھیک ہیں اور نہ بھی ملے تو ہمارے پاس جو جے ایف تھنڈر لڑاکا طیارے ہیں وہ ایف 16کی ضروریات کو پوری کر رہے ہیں اور اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے دیگر ممالک سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان میں حالیہ ڈورن حملے کے بعد شدید احتجاج کیا گیا ہے ‘دفتر خارجہ میں امریکہ کے سفیرکو طلب کرکے احتجاج بھی کیا گیا ‘آرمی چیف اور دیگر اعلی سطحی فورمز نے بھی اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ٗانہوں نے کہا کہ وزارت دفاعی پیداوار مسلح افواج کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے ‘اور ایک تجویز وفاقی حکومت کو بھجوائی گئی ہے کہ دفاعی پیدوار کا بجٹ الگ کیا جائے کیونکہ یہ ایک مکمل ڈویژن اور وزارت ہے‘اسوقت وزارت دفاعی پیدوار کو بجٹ کے حوالے سے الگ سے کچھ اختیارات دیئے گئے ہیں ‘لیکن ہم چاہتے کہ اس ضمن میں مکمل اختیارات دیئے جائیں کیونکہ وزارت دفاع نے مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنا ہوتا ہے تو بجٹ کی تقسیم بھی اپنی ضرورت کے مطابق کرنا چاہتے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دیئے گئے کوبرا ہیلی کاپٹروں کی اوورہالنگ کے لیے امریکہ سے رجوع کیا تو معاملے کو طوالت دینے کا عمل شروع ہوا جس پر پاکستان کے اپنے انجینئرز نے کوبرا ہیلی کاپٹروں کی اوورہالنگ کر لی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دشمن ملک اپنے دفاعی بجٹ میں 10سے 12فیصد اضافہ کرے تو مجموعی حجم ذیادہ ہونے پر اضافہ ذیادہ نظر آتا ہے لیکن پاکستان کے موجودہ دفاعی بجٹ میں ہی اپنی تمام دفاعی ضروریات پوری کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جے ایف تھنڈر 17طیارے رکھنے والے 10ممالک کی فہرست میں شامل ہے ‘پاکستان کا دفاع مضبوط ہے جو ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایم آئی 35ہیلی کاپٹروں کے حصول کے حوالے سے روس کے ساتھ بات چیت جاری ہے ‘ڈاکومنٹیشن کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوئی ‘ ایک دو ماہ میں اس حوالے سے مثبت پیش رفت نظر آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ بھی سمجھتاہے کہ طیارے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نہایت اہم ہیں ،امریکہ سے اس معاملے پر بات چیت جاری ہے ،ایف سولہ طیارے ضرب عضب کیلئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کوبرا ہیلی کاپٹر کی اوور ہالنگ کیلئے متعدد بار امریکہ سے درخواست کی با لآخر ہم نے خود کوبرا ہیلی کاپٹرز کی اوور ہالنگ کی ہے ۔ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہاکہ نوشکی ایف آئی ار کا امریکی ایف سولہ طیاروں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :