احتساب سے جمہوریت کو نہیں تخت رائیونڈ کو خطرہ ہے ٗآپ بتائیں سزا کے بعد معافی مانگ کر باہر جانا کون سا احتساب ہے ؟ بلاول بھٹو زر داری

آزاد کشمیر کے الیکشن میں (ن)لیگ دھاندلی سے جیتی تو نہیں مانیں گے ٗ ہمارے خلاف احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیوں ہو رہی ہیں ٗڈاکٹر عاصم کو پھنسایا جا رہا ہے ٗجلسے سے خطاب میری نواز شریف سے درخواست ہے ہماری باتوں کو دل پر نہ لیا جائے ٗخطاب

پیر 30 مئی 2016 22:32

میر پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ احتساب سے جمہوریت کو نہیں تخت رائیونڈ کو خطرہ ہے ٗآپ بتائیں سزا کے بعد معافی مانگ کر باہر جانا کون سا احتساب ہے ؟ آزاد کشمیر کے الیکشن میں (ن)لیگ دھاندلی سے جیتی تو نہیں مانیں گے ٗ ہمارے خلاف احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیوں ہو رہی ہیں ٗڈاکٹر عاصم کو پھنسایا جا رہا ہے ۔

پیر کو میر پور آزاد کشمیر میں کارکنوں کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر کام عوام کی بہتری کیلئے ہوتا ہے۔میر پور جیالوں کا گھر ہے۔ بھٹو اور بی بی شہید جیالوں کو ملنے خود آئے تو میں کیسے نہ آتا؟کشمیر کے الیکشن عام الیکشن نہیں ٗ اگر ن لیگ دھاندلی سے یہ الیکشن جیتی تو اس کو نہیں مانیں گے ٗ کشمیری ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

کشمیری کیسے بھول سکتے ہیں کہ آپ(نواز شریف) مودی کی حلف برداری میں جانے کیلئے کتنے بے تاب تھے؟یہ وہی مودی ہے جس نے مسلمانوں کا قتل عام کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیری کیسے بھول سکتے ہیں کہ آپ نے بھارت میں حریت رہنماؤں کی بجائے سٹیل کے تاجروں سے ملنا پسند کیا ٗآپ نے وہ کچھ کیا جو کوئی محب وطن پاکستانی نہیں کر سکتا۔ آپ نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔

آپ نے ہی میری شہید ماں کو جھوٹے کیسوں میں پھنسایا۔ اس وقت بھی عوام نے کہا کہ یا اﷲ یا رسول بے نظیر بے قصور۔بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب آپ نے اسی احتساب کے نام پر میرے والد کو 11سال جیل میں رکھا گیا۔ ان کی زبان کاٹی گئی ٗمجھے وہ ایک ایک لمحہ یاد ہے جب میری شہید والدہ میرا ہاتھ پکڑ کر جیلوں میں جایا کرتی تھیں۔آپ کی جانب سے ہی ججوں کو فون کر کر کے بڑی سے بڑی سزا کا کہا گیا۔

آج بھی آپ کی حکومت میں ہمارے خلاف احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیوں ہو رہی ہیں۔ ڈاکٹر عاصم کو پھنسایا جا رہا ہے۔آپ احتساب سے کیوں بھاگتے ہو۔انہوں نے کہا کہ جب پنجاب میں احتساب کی بات ہوتی ہے تو وزرا دھمکیاں دیتے ہیں۔ ہم چارٹرڈ آف ڈیموکریسی کا احترام کرتے ہیں لیکن آپ نہیں۔آپ جب مصیبت میں پھنستے ہیں تو آپ کو ہم یاد آجاتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آج بلوچستان میں ڈرون حملے ہورہے ہیں پاکستان کی سالمیت خطرے میں ہے لیکن آپ کو کوئی پتہ نہیں۔

آپ جلسوں میں اربوں کے منصوبوں کا اعلان اس طرح کرتے ہیں جیسے اتفاق فاؤنڈری بیج کر منصوبے مکمل کریں گے۔آپ ایک ہی رام کہانی سنا رہے ہیں کہ آپ کے بڑوں نے محنت کر کے اربوں کمائے لیکن یہ نہیں بتا رہے کہ سرمایہ کہاں سے آیا۔میاں صاحب آپ کچھ بھی کر لیں آپ کو اب جواب دینا ہوگا۔آپ کے سارے وعدے جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی سیاست آپ کی جماعت کا طرہ امتیاز ہے۔

پیر پگارا نے ایک تاریخی جملہ کہا تھا کہ جب آپ مصیبت میں ہوتے ہیں تو پاؤں پکڑتے ہیں جب مصیبت سے نکل جاتے ہیں تو گریبان پکڑتے ہیں۔انہوں نے مجمع سے نعرے لگائے کہ مودی کے یار کو کرپشن کے سردار کو ایک دھکا اور دو۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میر پور میں جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف شدیدعلیل ہیں۔ میری دعا ان کے ساتھ ہے اور رہے گی۔میری گزارش ہے کہ تمام پاکستانی ان کیلئے خصوصی دعا کریں۔میری نواز شریف سے درخواست ہے کہ ہماری باتوں کو دل پر نہ لیا جائے۔ہمارے کسی سے ذاتی اختلافات نہیں۔