موجودہ حکومت کی جانب سے حاصل کی گئی کامیابیاں ملک میں اقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے ٹھوس بنیاد فراہم کریں گی، اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں بالخصوص توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ملک میں اقتصادی ترقی کی جانب اہم پیشرفت ہوگی، پاکستان کا مستقبل روشن دیکھ رہا ہوں، الله تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں اور مہربانیوں پر شکر گزار ہوں اور پراعتماد ہوں کہ جلد اس صورتحال سے باہر آنے کے قابل ہو جاؤں گا

وزیراعظم محمد نوازشریف کا لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب

پیر 30 مئی 2016 22:07

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران موجودہ حکومت کی جانب سے حاصل کی گئی کامیابیاں ملک میں اقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے ٹھوس بنیاد فراہم کریں گی، اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں بالخصوص توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ملک میں اقتصادی ترقی کی جانب اہم پیشرفت ہوگی، وہ پاکستان کا مستقبل روشن دیکھ رہے ہیں۔

وہ لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جو پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران موجودہ حکومت کی جانب سے حاصل کی گئی کامیابیاں ملک میں اقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے ٹھوس بنیاد فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی مجمومی قومی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گذشتہ تین سال کے دوران جی ڈی پی میں اضافہ 4 فیصد سے زائد رہا جبکہ موجودہ سال کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو 4.71 فیصد رہی جو 8 سال کی بلند ترین سطح ہے۔حکومت آئندہ دو سالوں کے دوران مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 6 سے 7 فیصد تک بڑھانا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں بالخصوص توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ملک میں اقتصادی ترقی کی جانب اہم پیشرفت ہوگی، اس سے نہ صرف عوام خوشحال ہوں گے بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں سرمایہ کاری بھی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کا مستقبل روشن دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل کے شرکاء سے بات کر رہے ہیں، ان کی خواہش تھی کہ وہ ذاتی طور پر اجلاس کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے لیکن صحت کے چند مسائل نے اس کی اجازت نہیں دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ الله تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں اور مہربانیوں پر شکر گزار ہیں اور پراعتماد ہیں کہ وہ جلد اس صورتحال سے باہر آنے کے قابل ہو جائیں گے اور لوگوں کے پاس حاضر ہوں گے۔

اس موقع پر انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے قوم اور اجلاس کے شرکاء کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعظم کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور دیگر نے وزیراعظم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں گے اور ملک کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ مختلف اقتصادی امور پر کابینہ کے ارکان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔