وزیر اعظم کی بذریعہ ویڈیو لنک قومی اقتصادی کونسل کے زیر صدارت ٗ آئندہ مالی سال کیلئے 1675 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

مختصرمدت میں شانداراقتصادی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملک کا مستقبل روشن دیکھ رہا ہوں ٗنواز شریف وزیراعظم صاحب آپ کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے ،اﷲ آپ کو جلد صحت یابی عطا فرمائے ٗ قائم علی شاہ ہمیں آپ کی فکر ہے ،اﷲ آپ وک صحت دے ،ہم سب کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں ٗپرویز خٹک

پیر 30 مئی 2016 22:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کی لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک قومی اقتصادی کونسل کے زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال کیلئے 1675 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی گئی جبکہ وزیر اعظم محمدنواز شریف نے کہا ہے کہ مختصرمدت میں شانداراقتصادی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملک کا مستقبل روشن دیکھ رہا ہوں ٗپاک چین اقتصادی راہداری بھی مجموعی قومی پیداواربڑھانے کی استطاعت رکھتی ہے ٗاقتصادی راہداری منصوبے سے ملک میں اقتصادی ترقی کوفروغ ملے گا، راہداری کے تحت توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل معیشت کے لیے دورس نتائج کی حامل ہوگی ٗمیری ساری توانائیاں پاکستان کی مٹی کیلئے وقف ہیں، میرے لہو کی ایک ایک بوند اور ایک ایک سانس مٹی کا قرض ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

پیر کو وزیراعظم نوازشریف نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن ویڈیو لنک سے وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں تین صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی وزرا نے شرکت کی ٗ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لندن میں وزیراعظم کے ہمراہ ہی اجلاس میں شریک تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جس کے بعد آئندہ مالی سال کے لیے 1675 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی گئی جن میں 800 ارب روپے وفاق ٗ 875 ارب روپے صوبوں کے ترقیاتی فنڈز کیلئے ہوں گے۔

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ صحت کے مسائل کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کرسکا تاہم جلد اپنے عوام اور ساتھیوں میں موجود ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مجموعی قومی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، حکومت آنے کے بعد گزشتہ 3 سال میں جی ڈی پی میں اضافے کی سطح 4 فیصد سے زیادہ رہی اور موجودہ سال میں 4.71 فیصد رہی جو کہ گزشتہ 8 سال کی بلند ترین شرح ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ 2 سالوں میں مجموعی طور پر قومی پیداوار میں اضافے کا ہدف 6 سے 7 فیصد ہے ٗ پاک چین اقتصادی راہداری بھی مجموعی قومی پیداواربڑھانے کی استطاعت رکھتی ہے، اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک میں اقتصادی ترقی کوفروغ ملے گا، راہداری کے تحت توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل معیشت کے لیے دورس نتائج کی حامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے اسحاق ڈار،احسن اقبال اوران کی ٹیم کوسراہتا ہوں، ہم نے مختصرمدت میں شانداراقتصادی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملک کا مستقبل روشن دیکھ رہا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ جون 2013ء میں حکومت سنبھالی تو معیشت کی صورتحال انتہائی کمزور تھی، سرمایہ کاری میں مسلسل کمی کا سامنا تھا اور صنعتیں تباہ تھیں ٗمعاشی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے معاشی پالیسیاں تشکیل دیں جس کے باعث افراط زر تین فیصد سے کم ہو گیا ہے ٗ ہماری پالیسیوں سے ملک میں امن وامان بہتر ہوا اور سرمایہ کاروں کا عتماد بڑھ رہا ہے، اس وقت معیشت مستحکم اور شرح نمو آٹھ سال کی بلند ترین سطح پر ہے ٗ زرمبادلہ کے ذخائر 21.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔

توانائی منصوبوں کیلئے مناسب منصوبہ بندی کی ہے۔ تین سال بعد محنت کا ثمر حاصل کر رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت چوتھا بجٹ تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی انتھک محنت پر ان کو شاباش دیتے ہوئے بجٹ میں کاشتکاروں کیلئے خصوصی پیکیج دینے اور یوریا کھاد کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی کی قیمتوں کے باعث ہمارے کاشتکاروں بھائیوں کو نقصان ہو رہا ہے ٗحکومت اس سے پہلے ناصرف کاشتکار بھائیوں کیلئے پیکیج کا اعلان کر چکی ہے بلکہ ان تک پہنچا بھی چکی ہے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کسانوں کی لاگت کو مزید کم کریں۔

یوریا کھاد کا اس میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور اس موقع پر ہم یقینا کہیں نہ کہیں سے پیٹ کاٹ کر کسان کی مشکل کو دور کر سکیں تو یہ بہت بڑی بات ہو گی۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھے صحت کے مسائل کا سامنا ہے جس کیلئے لندن آنا پڑا اور ڈاکٹروں نے میرا آپریشن ضروری قرار دیا ہے۔ مجھے علم ہے کہ پوری قوم میرے لئے دعائیں کر رہی ہے اور یہی دعائیں میرا اصل اثاثہ ہیں اور انہیں کی بدولت میں تمام مشکلات سے پہلے بھی نکل چکا ہے اور اور یہی دعائیں آج بھی میرے لئے سب سے بڑا سہارا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں ٗمسلم لیگ ن کے رفقاء اور کارکنوں کا بھی شکرگزار ہوں جو مسلسل میرے لئے دعا گو ہیں۔میں اپنی ماؤں،بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا شکرگزار ہوں جو مسلسل میرے لئے دعائیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ساری توانائیاں پاکستان کی مٹی کیلئے وقف ہیں، میرے لہو کی ایک ایک بوند اور ایک ایک سانس مٹی کا قرض ادا کرتی رہے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب آ ج آپ کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے ،اﷲ آپ کو جلد صحت یابی عطا فرمائے اور آپ خیرت سے پاکستان آ جائیں ،انہوں نے کہا کہ ان سے کہیں کہ ہماری گزار شات کو مد نظر رکھیں ۔اس موقع پر پرویز خٹک نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی فکر ہے ،اﷲ آپ وک صحت دے ،ہم سب کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اﷲ زہری نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ مکمل کریں گے۔اقتصادی کونسل کے اجلاس میں شریک تمام رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا دی گئی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرا سمیت سیکریٹریز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :