ملک ترقی کے راہ پر گامزن ہے، زرعی پیداوار کا ہدف پورا ہو جاتا تو جی ڈی پی 4.7 کی بجائے 5.7 ہو جانا تھا ، چاروں وزراء اعلیٰ نے میری صحت بارے جن جذبات کا کا اظہار کیا وہ قومی یکجہتی کا ثبوت ہے ، ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب پر اعتراض کی باتیں ، بجٹ کے اعداد و شمار کوافشا ہونے سے روکنا متعلقہ افراد کی ذمہ داری ہے ، امید ہے آپریشن کے بعد میری صحت بہتر ہو جائے گی ، صحت یابی کیلئے دعا کرنے والوں کا شکر گذار ہوں

وزیر اعظم نواز شریف کی وفاقی کابینہ اور قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے ویڈیوخطاب کے بعد صحافیوں سے بات چیت

پیر 30 مئی 2016 21:00

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2016ء ) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک ترقی کے راہ پر گامزن ہے، اگر زرعی پیداوار کا ہدف پورا ہو جاتا تو جی ڈی پی 4.7 کی بجائے 5.7 ہو جانا تھا ، چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ نے میری صحت کے حوالے سے جن جذبات کا اور خیالات کا اظہار کیا ہے اس سے قومی یکجہتی کا اظہار ہوتا ہے ۔ وہ پیر کو لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر وفاقی کابینہ اور قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان ، مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر نائب صدر ناصر بٹ ، سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ جی ڈی پی گروتھ ریٹ 5.7 فیصد ہو سکتا تھا لیکن بعض عالمی حالات کے باعث زرعی شعبے میں اہداف پورے نہیں ہو سکے اس لئے جی ڈی پی گروتھ ریٹ 4.7 فیصد رہا ہے ۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ملک سے باہر اپنی مرضی سے نہیں ہیں علاج کے لئے آئے ہیں اور ایسی صورتحال میں کابینہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے ہی خطاب بہترین ذریعہ تھا ۔ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ بعض سیاسی رہنما یہ کہہ رہے ہیں کہ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنے سے بجٹ کے اعداد و شمار وقت سے پہلے افشاء ہو جائیں گے جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیا میں بعض اوقات بہت سی چیزیں افشاء ہو جاتی ہیں۔

جب بجٹ پیش کیا جاتا ہے تو اسی وقت ہی تمام تفصیلات منظرعام پر آنی چاہیے لیکن پاکستان میں بجٹ پیش ہونے سے پہلے ہی میڈیا میں بہت سے تفصیلات منظر عام پر آجاتی ہیں اور جن لوگوں کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وقت سے پہلے بجٹ افشاء نہ ہو انہیں ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب پر وزیر اعظم نے کہا کہ آج منگل ان کا آپریشن ہو گا اور اس کے بعد امید ہے کہ اﷲ کے فضل سے صحت بہتر ہو جائے گی میری صحت یابی کے لئے جو لوگ دعائیں کر رہے ہیں ان کا شکر گزار ہوں ۔

ایک اور سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ، گورنر کے پی کے اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جن جذبات اور خیالات کا اظہار کیا میں اس پر ان کا شکر گزار ہوں اور اس طرح انہوں نے قومی یکجہتی کا اظہار کیا اسی طرح کابینہ کے دیگر ارکان نے بھی جن جذبات کا اظہار کیا ان پر کا بھی شکر گزار ہوں ……

متعلقہ عنوان :