رمضان المبارک سے قبل اشیا خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

ناجائز منافع خوروں نے پھلوں کی قیمتوں میں بھی 20 سے 30 روپے کلو اضافہ کردیا

پیر 30 مئی 2016 20:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) رمضان المبارک اور بجٹ سے قبل ہی ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز سرگرم ہوگئے ہیں،جس کے بعد اشیا خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔مارکیٹ سروے کے مطابق رمضان المبارک اور آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل اشیا خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیاہے اور سبزیوں کی قیمتوں میں 10 سے 25 فیصد تک اضافہ کردیا گیا، مارکیٹ میں پالک 40، ٹماٹر 50، آلو 30، پیاز 30 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے جب کہ ہری پیاز 120، مرچ 80 اور لہسن 200 روپے کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پرچون کی دکانوں پر بیسن 40 روپے اضافے کے ساتھ 180 روپے، چنا 20 روپے اضافے کے ساتھ 200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ آٹا 2 روپے اضافے کے ساتھ اب 44 روپے کلو اور 60 روپے کلو والی چینی 4 روپے اضافے کے بعد 64 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے جب کہ چاول، کھلا تیل، دالوں اور دوسری اشیا کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔ناجائز منافع خوروں نے پھلوں کی قیمتوں میں بھی 20 سے 30 روپے کلو اضافہ کردیا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں تربوز، خربوزہ، سیب اور آم کی قیمتیں بھی مختلف ہیں تاہم گزشتہ 10 روز کے مقابلے میں موجودہ قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :